کراچی(امت نیوز)کراچی میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے خاتون کے اغوا و قتل کے 2 مجرموں پھانسی کی سزا سنادی
انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے اغوا برائے قتل کا جرم ثابت ہونے پر 2 ملزمان کو 2 مرتبہ سزائے موت کا حکم دے دیا۔
کراچی سینٹرل جیل میں انسدادہشتگردی کمپلیکس میں خصوصی عدالت نمبر 16 نے اغوا برائے قتل کے مقدمے کا فیصلہ سنایا۔ عدالت نے 2 مجرمان عباس بنگش اور محبوب اختر کو 2 مرتبہ سزائے موت کا حکم دیا۔
عدالت نے مجرموں کو جرم چھپانے اور جعل سازی پر مجموعی طور پر 9 سال قید کی سزا کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے ملزمان کو 2 لاکھ روپے فی کس لواحقین کو دینے کا بھی حکم دیا ہے۔
پولیس کے مطابق مجرموں نے 3 اکتوبر 2020 کو بیوٹی سیلون کی مالکہ 55 سالہ عزیز اختر کو اغوا کیا۔ جعل سازی کے ذریعہ 240 گز کے پلاٹ کے کاغذات بنائے اور بعدازاں قتل کیا۔ واقعہ کا مقدمہ تھانہ اسٹیل ٹاؤن میں درج کیا گیا تھا۔