ریاض(انٹرنیشنل ڈیسک)مکہ مکرمہ اور دارالحکومت ریاض سمیت سعودی عرب کے کئی شہروں میں تیز بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری ہے۔
سعودی میڈیا کے مطابق ہفتے کے روز مکہ مکرمہ سمیت سعودی عرب کے کئی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا، اس دوران ژاالہ باری بھی ہوئی۔
مسجد الحرام میں بارش کے دوران ہزاروں معتمرین نے عمرہ کی سعادت حاصل کی جب کہ لاکھوں افراد نے معمول کے مطابق مختلف اوقات کی نمازیں ادا کیں۔ اس دوران مسجد الحرام کے امور بھی روزمرہ معمول کی طرح جاری رہے۔
سعودی محکمہ موسمیات نے منگل تک ملک کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کی پیش گوئی کی ہے، اس کے علاوہ متاثرہ علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ ژالہ باری کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔
خراب موسم کے پیش نظر لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے انتہائی ضرورت کے تحت ہی گھر سے باہر نکلیں