آٹے کا بحران

ملک کے طول و عرض میں آٹے کی قیمت بے قابو، حکومت خاموش

ملک کے طول و عرض میں آٹے کی قیمت بے قابو ہو گئی ہے ، دوسری طرف حکومت اور انتظامیہ خاموش اور بے بس دکھائی دیتی ہے۔ آٹے کی تیزی سے بڑھتی ہوئی  قیمتوں کے باعث روٹی بھی عوام کی پہنچ سے دور ہونے لگی۔

لاہور میں 15 کلو آٹے کا تھیلا 150 روپے مزید مہنگا ہوگیا ہے جس کے نتیجے میں تھیلے کی قیمت 2050 روپے ہوگئی ہے، اس طرح گذشتہ 2 ہفتے میں 15 کلو آٹے کا تھیلا 300 روپے تک مہنگا ہوچکا ہے۔

ادھر پشاور میں 20 کلو فائن آٹے کا تھیلا 2800 روپے سے بڑھ کر 3100 میں فروخت ہورہا ہے جبکہ 20کلو مکس آٹےکے تھیلےکی قیمت 2700 روپے سے بڑھ کر 3 ہزار روپے ہوگئی ہے۔

حیدرآباد میں بھی آٹا 160روپے کلو فروخت ہو رہا ہے، جس کےباعث سستے آٹے کے لیے شہریوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔