کراچی(امت نیوز)ایم کیوایم پاکستان نے دھمکی دی ہے کہ اگر ایم کیو ایم نے الیکشن نہیں لڑا توپھرکراچی میں کوئی الیکشن نہیں ہوگا۔متحدہ کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے وزیراعظم شہبازشریف کو مخاطب کرکے کہا کہ اگر آپ نے فیصلے نہ کئے تو ہم پھر اپنے فیصلوں میں آزاد ہوں گے، ہم آپ کو بلیک میل نہیں کر رہے، وارننگ دے رہے ہیں
کراچی میں انتخابی حلقہ بندیوں کے خلاف متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر احتجاج کیا ۔ جس میں پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے چیئرمین مصطفیٰ کمال اور تنظیم بحالی کمیٹی کے سربراہ فاروق ستار نےبھی اپنے کارکنان کے ہمراہ شرکت کی۔
کنوینر ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی نےکہا کہ انہوں نے صحیح وقت پر صحیح راستہ اختیارکیا ہے، اب سب ٹھیک ہوگا، سندھ کے سارے شہری علاقوں میں حلقہ بندیوں کی صورت میں دھاندلی ہوچکی ہے اگر انصاف نہیں ہوگا تو وہ امن کی ضمانت نہیں لیں گے
خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم صاحب اگر آپ نے فیصلے نہ کیے تو ہم پھر اپنے فیصلوں میں آزاد ہوں گے، ہم آپ کو بلیک میل نہیں کر رہے، وارننگ دے رہے ہیں، آپ اپنا فیصلہ بتائیں، ہم اپنے فیصلے میں آزاد ہیں، اگر ایم کیو ایم نے الیکشن نہیں لڑا تو پھرکراچی میں کوئی الیکشن نہیں ہوگا۔
اس موقع پر مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ اگر آصف زرداری کو بلاول بھٹو کو وزیراعظم بنانا ہے تو آپ کو کراچی والوں کو ساتھ رکھنا پڑےگا۔
فاروق ستار نےکہا کہ جماعت اسلامی اور پیپلز پارٹی کا گٹھ جوڑ سامنے آگیا ہے،کراچی کو سندھ کے وڈیروں کی کالونی نہیں بننے دیں گے، یہ ایم کیو ایم کی بحالی کا سال ہے، ہم سب ایک ہیں۔