کراچی(امت نیوز)ایم کیو ایم پاکستان نے کراچی میں مجوزہ بلدیاتی انتخابات کو غیرقانونی قرار دے دیا۔ متحدہ رہنماؤں کا کہناہے کہ قانوناً اس وقت الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات نہیں کراسکتا سندھ حکومت اسے ملتوی کرچکی ہے، الیکشن کمیشن نے سیکشن نائن کے تحت فیصلہ کیا اور سندھ حکومت نے سیکشن ٹین اے استعمال کی، ٹین اے کے بعد سیکشن نائن کی کوئی حیثیت نہیں۔
ایم کیوایم کے مرکزبہادر آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا کہ سندھ حکومت نے جب فیصلہ کرلیا تو پھر الیکشن کمیشن فیصلہ نہیں کرسکتا، الیکشن کمیشن کو ہمیں سننا چاہیے تھا، ہمیں ویڈیو لنک کے ذریعے بھی سنا جاسکتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد کسی کی توہین کرنا نہیں لیکن واضح رہے کہ سیکشن ٹین ون کا جوڈیشل اختیار الیکشن کمیشن کا نہیں یہ اختیار سندھ حکومت کا ہے، الیکشن کمیشن نے سیکشن نائن کے تحت فیصلہ دیا جب کہ سندھ حکومت نے سیکشن ٹین اے کے تحت فیصلہ دیا اور ٹین اے کے بعد سیکشن نائن کا کوئی کام نہیں۔
فروغ نسیم نے کہا کہ گورنر سندھ کے پاس آرڈی ننس کا اختیار ہے، گورنر کے پاس جو اختیار ہے اس کے حوالے سے انتظار کرتے ہیں دیکھتے ہیں آگے کیا ہوتا ہے۔
وفاقی وزیر فیصل سبزواری نے کہا کہ صاف و شفاف الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے مگر حلقہ بندیوں میں دھاندلی صاف نظر آرہی ہے، ہم الیکشن کمیشن کے پاس اپنے تحفظات لے کر گئے مگر ہماری نہیں سنی گئی۔
فیصل سبزواری نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ پر صرف ایم کیو ایم نے مخالفت کی، 2013ء میں پی ٹی آئی نے پیپلز پارٹی کا ساتھ دیا تھا، ہماری شرافت سے کچھ لوگ کاغذی شیر بن گئے تھے، کاغذی شیر ہمارے اتحاد سے گھبرائے ہوئے ہیں