سمندر میں پھینکے گئے بچے 2روز بعد بھی نہ مل سکے

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سفاک باپ کے ہاتھوں سمندر برد کئے جانے والے 2 بچوں کا تاحال سراغ نہیں مل سکا،ایدھی بحری خدمات کی ٹیم کی جانب سے منوڑہ کے سمندر میں سرچ آپریشن دوسرے روز بھی جاری رہا۔ تفصیلات کے مطابق ماڑی پور کے علاقے ہاکس بے کے مقام منوڑہ میں سمندر میں پھینکے جانے والے بچوں کی تلاش کے لئے آپریشن جاری جمعہ کو بھی جاری رہا ،عیسی نگری کے رہائشی میل نرس نے دو کم عمر بچوں 8 سالہ ٹیڈرک اور 6 سالہ کیٹرک کو جمعرات کی شب منوڑہ کے ساحل پر سمندر میں ڈبویا تھا ،ملزم سفاک باپ کو پاک بحریہ کے غوطہ خوروں نے پکڑا تو اس نے دعویٰ کیا کہ بیوی کی بے وفائی کے باعث انتہائی اقدام اٹھایا، اس حوالے سے ایس ایچ او ماڑی پور انسپکٹر غلام حسین کورائی نے بتایا کہ کاشف رضا نامی شخص نے اپنے دو بچوں کو سمندر میں پھینک دیا تھا اور خود بھی خودکشی کرنے کا ڈرامہ رچا رہا تھا۔ انوںں نے بتایاکہ پولیس کی جانب سے ایف آئی آر درج نہیں کی گئی ہے، کاشف اور اس کی اہلیہ کے خاندان والوں کے درمیان مشورے کے بعد مقدمہ درج کیا جائے گا۔ایدھی بحری ٹیم نے گزشتہ شب اندھیرا ہونے پر بچوں کی تلاش کا کام روک دیا جوکہ دوبارہ ہفتے کی صبح شروع کیا جائے گا۔
بچے نہ مل سکے