کراچی(اسٹاف رپورٹر)رینجرز اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر تین علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 3 خطرناک ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ملزمان سے کاریں ، موٹرسائیکلیں اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ملزمان مجموعی طور پر 220 وارداتوں میں ملوث ہیں۔تفصیلات کے مطابق اورنگی میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی 170 سے زائد وارداتوں میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔ترجمان کے مطابق رینجرز اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر اورنگی میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم میں ملوث ملزم زبیرخان کو گرفتارکرلیا۔گرفتار ملزم سے مسروقہ موٹرسائیکل برآمد ہوئی۔گرفتار ملزم دیگر ساتھیوں کے ہمراہ مختلف علاقوں میں ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی 170 سے زائد واردا توں میں ملوث ہے،جس میں ملزم نے 250 سے زائد موبائل فونز اور 5 لاکھ سے زائد نقدی چھیننے کا اعتراف کیا ہے،ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم نے جنوری 2023 کو اپنے ساتھیوں کے ہمراہ اورنگی میں ڈکیتی کی واردات کی جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں ملزمان کو باآسانی پہچانا جاسکتا ہے۔رینجرز اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کرکے لانڈھی اور کورنگی سے ڈکیتی،گاڑیاں اور موٹر سائیکل چھینٹے میں ملوث گروہ کے 2 کارندوں سید فیضان علی عرف فیضی اور ارسلان احمد کو گرفتار کرکے ڈکیتیوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ،2 مسروقہ کاریں اور 5 موٹرسائیکلیں برآمد کرلیں۔ترجمان رینجرز کے اعلامیہ کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے لانڈھی اور کورنگی کے علاقوں سے ڈکیتیوں اور اسٹریٹ کرائم کی 50 سے زائد وارداتوں میں 3 لاکھ روپے سے زائد نقدی،30 سے زائد موبائل فون،30 سے زائد موٹر سائیکلیں اور 15 گاڑیاں چھینے کا اعتراف کیا ہے۔ملزمان چھینے ہوئے موٹر سائیکلوں کو پارٹس کی صورت میں فروخت کرتے تھے۔