کراچی : ابراہیم حیدری اور سچل میں 2 افراد پھندے سے جھول گئے

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ابراہیم حیدری اور سچل کے علاقوں میں 2 افراد نے پھندا لگاکرخود کشی کرلی۔تفصیلات کے مطابق ابراہیم حیدری تھانے کی حدود کورنگی الیاس گوٹھ میں واقع ایک گھر میں پھندا لگی لاش کی اطلاع پرپولیس موقع پرپہنچی اور معائنے کے بعد لاش پوسٹ مارٹم کی کارروائی کیلئے جناح اسپتال منتقل کی،ہیڈ محرر ابراہیم حیدری اے ایس آئی فیصل کے مطابق متوفی کی شناخت 40 سالہ امجد ولد عبدالرشید کے نام سے ہوئی،متوفی بے اولاد اور بے روز گار تھا،جس نے معاشی اور گھریلو پریشانی کے باعث گلے میں پھندا لگا کر خودکشی کرلی،جبکہ متوفی کی اہلیہ بھی معاشی پریشانی سے تنگ آکر اپنے شوہر سے روٹھ کر میکے چلی گئی تھی،متوفی مذکورہ گھر میں اکیلا مقیم تھا ،تاہم پولیس نے کارروائی کے بعد لاش ورثاءکے حوالے کردی۔ادھر سچل تھانے کی حدود نیو رضویہ سوسائٹی میں زیر تعمیر بنگلے میں مقیم 19 سالہ صدیق ولد اللہ رکھا کی گلے میں پھندا لگی لاش کی اطلاع پرپولیس موقع پرپہنچی اور موقع معائنہ کے بعد لاش کارروائی کیلئے عباسی شہید اسپتال منتقل کی،ایس ایچ او گلبہار کے مطابق کمرے کا دروازہ اندر سے بند تھا، جسے توڑ کر اندرداخل ہوئے تو لاش رسی کی مدد سے چھت کے گنڈے سے لٹکی ہوئی تھی،ایس ایچ او کے مطابق متوفی نے پانی کے ڈرم پر چڑھ کر پھندالگایا،فوری طور پر خودکشی کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی،وہ پیشے سے محنت کش شیٹرنگ لگانے کا کام کرتاتھا،اس کا آبائی تعلق گھوٹکی تصیل ابڑو سے تھا،جبکہ بنگلے کے مالک نے متوفی کواپنے زیر تعمیر بنگلے میں رہائش دے رکھی تھی۔