کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس نے مقابلوں اور چھاپوں میں کے دوران 4 زخمی ڈاکوؤں سمیت 27 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ، مسروقہ گاڑیاں ، موٹرسائیکل و دیگر سامان برآمد کرلیا،جب کہ سرجانی میں 2 ڈکیتوں کو عوام نے پکڑ کر بدترین تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پولیس کے حوالے کردیا۔
تفصیلات کے مطابق زمان ٹاؤن پولیس نے کوسٹ گارڈ چورنگی کے قریب شہریوں سے لوٹ مار کرنے والے ڈکیتوں کو مقابلے کے بعد ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا،جب کہ ملزم کے 2 ساتھی زاہد اور اسماعیل فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔زخمی ملزم سے اسلحہ، موبائل فون اور دیگر سامان برآمد ہوا۔شاہ لطیف ٹاؤن پولیس نے صافی چوک کے قریب فائرنگ کے تبادلے میں 2 ڈاکوؤں جلال الدین اور علی رضا کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے 2 پستول،12 ہزار نقدی،4 موبائل فونز،پرس اور موٹر سائیکل برآمد کرلی۔کلفٹن کے علاقے اپر گذری میں آپریشن اور انویسٹی گیشن پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ملزم عبدالوحید ولد عبدالرشید کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے پستول برآمد کرلیا۔
ملزم پنجاب اور کراچی میں اپنے ساتھی ملزمان کے ساتھ مل کر اسٹریٹ کرائم اور گھروں میں چوری کی متعدد وارداتیں کرچکا ہے۔دریں اثنا سرجانی کے علاقے سرجانی سیکٹر ایل چھتری اسٹاپ کے قریب 2 ملزمان راہگیروں سے لوٹ مار کررہے تھے۔شہریوں نے دونوں کو پکر کر تشدد کا نشانہ بنایا۔اطلاعا ت کے مطابق ایک ملزم کو شہری نے گولی بھی ماری۔ زخمی ملزمان کو پولیس نے پہنچ کر تحویل میں لیا۔زخمی ملزمان میں 18 سالہ فیصل ولد عبدالحلیم اور 17 سالہ سمیر حسین ولد قربان شامل ہیں۔ے وی ایل سی، سی آئی اے نے کراچی سے کاریں چوری کر نے والے 2 کارلفٹروں کو گرفتار کرکے مسروقہ کار بر آمد کرلی۔ایس ایس پی اے وی ایل سی محمد انور کھتران کے مطابق ملزمان میں مبشر ابڑو ولد بشیر ابڑو اور اللہ بخش ابڑو ولد ایوب ابڑو شامل ہیں۔برآمد کار نمبر AVD-748 ملیر کینٹ سے چرائی گئی تھی۔منگھوپیر پولیس نے ہاؤس رابری میں ملوث گروہ کے کارندے اسماعیل خان کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ملزم 31 جولائی 2022 کو دیگر ساتھیوں کے ہمراہ منگھوپیر مون سٹی میں واقع گھر میں داخل ہوکر لوٹ مار کی تھی۔ملزم نے اس بار بھی مون سٹی میں واقع گھر سے 2 موبائل فون چرائے تھے۔ منگھوپیر پولیس نے اطلاع پر کارروائی کرکے ملزم اسماعیل خان کو پکڑلیا۔ملزم کو دونوں مقدمات میں شناخت کرلیا گیا ہے۔سچل پولیس نے منشیات فروش سلیم اورموٹرسائیکل چوربشیر خان کو گرفتار کرکے ایک کلو سے زائد چرس اور تھانہ مبینہ ٹاؤن کی حدود سے چوری شدہ موٹرسائیکل برآمد کرلی۔
پاکستان بازار پولیس نے موٹرسائیکل چور احمد علی کو گرفتار کرکے مسروقہ موٹرسائیکل برآمد کرلی۔کلاکوٹ، نبی بخش، کلری، کھارادر اور نیپئر پولیس نے 15 ملزمان فیصل، سجاول، صابر حسین، محمد عمیر عرف کاکا عرف کچرہ، محمد علی، شکیل عرف شکیلی، صدرت المنتحا، عبداللہ، رحمت خان، بچہ میر، محمد نبی، محمد علی،ضیاءالرحمن عرف بخت، اختر محمد اور اشوک کمار کو گرفتارکرکے 3 پستول،سونے کا سیٹ،ایک منگل سوتر، 2 سونے کے کڑے،70 ہزار روپے،ایک چوری شدہ موٹر سائیکل،ایک چوری شدہ رکشہ، کرسٹال، چرس اور گٹکا/ماوا برآمد کرلیا۔گلستان جوہر پولیس ایک ملزم سعید علی کو گرفتارکرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔گلبہار پولیس نے دو ملزمان سید رضا احمد اور شعیب رشید کو گرفتارکرکے دو پستول اور موٹرسائیکل برآمد کرلی۔