کراچی(اسٹاف رپورٹر)مختلف علاقوں میں فائرنگ،پرتشدد واقعات اور ڈکیتی کی وارداتوں کے دوران مزاحمت پر خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق اور 19 افراد زخمی ہوگئے۔خاتون کو شوہر نے جھگڑے کے دوران قتل کیا،جب کہ ایک شخص کو گھر کے اندر گولی مارکر ہلاک کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق سہراب گوٹھ کے علاقے نیو کراچی ایوب گوٹھ میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ایس ایچ او ولایت شاہ نے بتایا کہ موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان نے فائرنگ کرکے قتل کیا اور فرار ہوگئے۔مقتول کی فوری شناخت نہیں ہوسکی۔ایسا لگتا ہے کہ واقعہ ذاتی رنجش کا شاخسانہ ہے۔بلال کالونی کے علاقے نیوکراچی سیکٹر فائیو جے میں طلحہ مسجد کے قریب گھر میں مبینہ طور پر شوہر نے ڈنڈوں کے وار کرکے بیوی کو قتل کردیا اور فرار ہوگیا۔
عباسی اسپتال میں مقتولہ کی شناخت 28 سالہ انعم زوجہ دلاور کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق انعم کو اس کے شوہر نے قتل کیا اور فرار ہوگیا۔ایس ایچ او آفتاب عباسی نے بتایا کہ مقتولہ کی سات سے آٹھ سال قبل دلاور سے شادی ہوئی تھی اور اس کی کوئی اولاد نہیں تھی۔مقتولہ کا شوہر بے روزگار تھا۔اس معاملے پر اکثر جھگڑے ہوتے رہتے تھے۔پولیس افسر نے بتایا کہ شوہر نے خاندانی تنازع پر جھگڑے کے دوران اس کے سر پر کوئی بھاری چیز ماری،جس سے وہ موقع پر ہی چل بسی۔سکھن کے علاقے لانڈھی لال آباد کے قریب گھر میں فائرنگ سے 40 سالہ عطاء اللہ ولد بہادر علی جاں بحق ہوگیا۔ایس ایچ او اویس وارثی کے مطابق مقتول اپنی بیوی، چار بچوں اور ساس کے ہمراہ گھر میں سورہا تھا۔مقتول کی بیوی نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ فائرنگ کی آواز پر ہماری آنکھ کھلی۔دیکھا میرے شوہر کو گولی لگی ہوئی تھی۔پولیس نے جائے وقوعہ سے تیس بور کا ایک خول تحویل میں لے لیا ہے۔
مقتول عطاءاللہ کو قتل کرنے والا ملزم قریبی معلوم ہوتا ہے۔عطاء اللہ پنوں عاقل کا رہائشی اور انڈس اسپتال میں سیکورٹی گارڈ تھا۔ کلاکوٹ کے علاقے لیاری برف خانہ والی گلی گھاس منڈی کے قریب موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کرکے 2 افراد کو زخمی کردیا،جن کی شناخت 40 سالہ شیراز اور 30 سالہ محمد الیاس کے نام سے ہوئی۔ واضح رہے کہ ڈسٹرکٹ سٹی کے علاقے نیپئر میں چند روز قبل موٹرسائیکل سوار گینگ وار کے ملزمان خوف و ہراس پھیلانے کے لیے ایک بلڈر کے دفتر کے قریب دستی بم پھینک کر فرار ہوئے تھے،جس میں بارودی مواد موجود نہیں تھا۔ڈسٹرکٹ سٹی میں جرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر علاقہ مکینوں میں تشویش کی لہر پائی جاتی ہے۔شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقے ملیر ندی کے قریب موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے مزاحمت پر 40 سالہ دلدار کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا۔فیروزآباد کے علاقے سندھی مسلم کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی میں پی سی ایل انشورنس کمپنی لمیٹڈ میں سیکورٹی گارڈ 50 سالہ تنویر ولد افضل اپنے ہی ہتھیار سے حادثاتی طور پر گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔بن قاسم کے علاقے یوسف کمپنی کے قریب نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 28سالہ اویس ولد جمن خان زخمی ہوگیا۔
بلدیہ امیر معاویہ چوک کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے55 سالہ جمن رحمان ولد بونیر گل زخمی ہوگیا۔گلستان جوہر کے علاقے بھٹائی آباد میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 45سالہ اکبر رانا زخی ہوگیا۔سرجانی خدا کی بستی نزد پی ایس او پمپ کے قریب ڈکیتی میں مزاحمت پر فائرنگ سے 16 سالہ ساحل ولد اکرم اور شہریار زخمی ہوگئے۔سائٹ سپر ہائی صنعتی ایریا کے علاقے سپر ہائی وے نزد افروز ٹیکسٹائل مل کے قریب لوٹ مار کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے ایک راہگیر 22 سالہ سعید خان ولد فتح خان گولی کی زد میں آکر زخمی ہوگیا۔نارتھ ناظم آباد کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک بی کھنڈو گوٹھ میں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے 23 سالہ احسن علی ولد حاجی شرافت زخمی ہوگیا۔سچل کے علاقے بھکر گوٹھ میں گولی لگنے سے 25 سالہ ظفر ولد عرس زخمی ہوگیا۔پولیس کے مطابق واقعہ جھگڑے کے دوران پیش آیا۔کلفٹن کے علاقے کلفٹن بلاک چار میں فائرنگ سے 33 سالہ یوسف ولد شاہ نواز زخمی ہوگیا۔
سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا کے علاقے سپر ہائی وے فقیرا گوٹھ پریشان چوک کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 30 سالہ نور محمد ولد گل محمد زخمی ہوگیا۔پولیس کے مطابق واقعہ جھگڑے کے دوران پیش آیا۔ناظم آباد پاپوش نگر چاندنی چوک نزد عمر مسجد کے قریب فائرنگ سے 55 سالہ تحسین احمد زخمی ہوا۔عزیز بھٹی کے علاقے گلشن اقبال بلاک13D2نزدروفی اپارٹمنٹ کے قریب اتفاقیہ گولی لگنے سے 22 سالہ رحیم زخمی ہوگیا۔علاوہ ازیں گلشن معمار کے علاقے سیکٹر ایکس چڑھائی کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 22سالہ حبیب جمال زخمی ہوگیا۔اورنگی منصورنگر میں جھگڑے کے دوران چھری کے وار سے 2 افراد جبار اور عبدالشکور زخمی ہوگئے۔پولیس حکام کے مطابق واقعہ جھگڑے کے دوران پیش آیا۔