لاہور کی مقامی عدالت نے فواد چوہدری کا راہداری ریمانڈ منظور کرتے ہوئے متعلقہ عدالت میں پیش کر نے کا حکم جاری کر دیاہے،عدالت نے سروسز ہسپتال سے پی ٹی آ ئی رہنما کا میڈیکل کروانے کا بھی حکم دیاہے۔
تفصیلات کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ نے راہداری ریمانڈ کی درخواست منظور کرتے ہوئے کہا کہ فواد چوہدری کو آج ہی اسلام آباد کی متعلقہ عدالت میں پیش کیا جائے۔
اس سے قبل لاہورکی کینٹ کچہری میں فواد چوہدری کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا اور راہداری ریمانڈ کی درخواست کی گئی۔
عدالت میں فواد چوہدری نے استدعا کی کہ مجھے ایف آئی آر کی کاپی فراہم کی جائے ، عدالتی حکم پرفواد چوہدری کو ایف آئی آر کی کاپی فراہم کی گئی ۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری کوعدالت حکم پر سروسز ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے، جہاں ان کا میڈیکل چیک اپ کرلیا گیا۔ اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری سروسز ہسپتال کے ایم ایس آفس کے باہر تعینات کی گئی تھی۔