واشنگٹن (امت نیوز) امریکا نے لبنان کی سیکورٹی فورسز اور پولیس کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے 7 کروڑ 20 لاکھ ڈالر امداد کا اعلان کیا ہے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق لبنان کی معیشت گزشتہ تین سال مسلسل بحران اور گراوٹ کا شکار ہے جس کے سبب فوجی بجٹ میں کمی کی گئی ہے، مذکورہ امداد اقوام متحدہ کے ساتھ مشترکہ پروگرام کے تحت دی جائے گی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکا لبنان کی فوج کا کافی عرصے سے سب سے بڑا ڈونر ہے، اس نے اقوام متحدہ کے ادارے یو این ڈی پی کے ساتھ اپنی نوعیت کی پہلی امریکی امداد کی ڈیلیوری کے لیے اشتراک کیا ہے۔ یو این ڈی پی اور بیروت میں امریکی سفارت خانے کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیے کے مطابق پروگرام کے تحت سات کروڑ 20 لاکھ ڈالر لبنان کی سیکیورٹی فورسز اور انٹرنیشنل سیکیورٹی فورسز کے اہلکارں کی تنخواہوں کے لیے دی جائے گی۔ بیان کے مطابق یو این ڈی پی مذکورہ رقم سروس فراہم کرنے والے مقامی ادارے کے تعاون سے تقسیم کرے گا، اس پروگرام کے تحت ہر فوجی اور پولیس آفیسر کو امریکی قانون کے مطابق 100 ڈالر ماہانہ چھ ماہ تک ادا کیے جائیں گے۔ واضح رہے کہ2019 کے بعد سے اب تک لبنان کی کرنسی کی قدر 95 فیصد تک گر گئی ہے جس کے سبب کئی لبنانی فوجی نوکری چھوڑ چکے ہیں یا پارٹ ٹائم ملازمت کر رہے ہیں۔ جون 2021 میں لبنان کی فوج نے مالی بحران میں کمی کے لیے سیاحوں کے لیے ہیلی کاپٹر سروس چلانے کا اعلان کیا تھا۔