کراچی: گینگ وار کے 2 انتہائی مطلوب ٹارگٹ کلر گرفتار

کراچی(اسٹاف رپورٹر)رینجرز اور پولیس نے سپارکو روڈ مواچھ گوٹھ میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے لیاری گینگ وار کے 2 انتہائی مطلوب ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرلیا۔ملزم نوید عرف کپی ایک سیاسی جماعت کے کارکنوں اور مخالف گروپ کے 50 سے زائد افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے۔تفصیلات کے مطابق رینجرز اور پولیس نے سپارکو روڈ مواچھ گوٹھ میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے قتل،اقدام قتل،بھتہ خوری،اغواءبرائے تاوان ،ڈکیتی اورپولیس مقابلوں میں ملوث 2 انتہائی مطلوب لیاری گینگ اور کے گینگسٹر نوید عرف کپی عرف چھوٹو اور نوروزعرف نموں کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزم نو ید عرف کپی عرف چھوٹو 2005ء میں لیاری گینگ وار کمانڈر سا جد عرف ساجد گولیمارکے گروپ میں شامل ہوا،جبکہ ملزم نوروز عرف نموں اپنے بہنوئی نوید عرف کپی کے کہنے پر 2019 میں لیاری گینگ وار میں شامل ہوا۔ ملزم نوید عرف کپی ایک سیاسی جماعت کے کارکنوں کی ٹارگٹ کلنگ اور اپنے مخالف گروپ کی 50 سے زائد ٹارگٹ کلنگ میں ملوث رہاہے۔ملزم 2014میں کراچی آپریشن میں گرفتاری کے ڈر سے اندرون سندھ اور ایران میں روپوش ہوگیا تھا۔ملزم نے 2021ء میں پرانا گولیمار میں اپنا علیحدہ گروپ منظم کیا۔ملزم نو یدعرف کپی کے خلاف قتل، اقدام قتل اور پولیس مقابلوں کے6سےزائد مقدمات درج ہیں۔دوران تفتیش ملزمان نے اغوا برائے تاوان،بھتہ خوری،ڈ کیتی،موٹرسائیکل چھیننے کی متعدد کارروائیوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔ملزمان نے 2011 اور 2012 میں سولجر بازاراورکلفٹن سے 3 تاجروں کو اغوا کرکے 20لا کھ روپے تاوان بھی وصول کیا۔ملزمان نے 18 جنوری 2023 کو پرانا گولیمار کے علاقے میں قبضے کی غرض سے ہوائی فائرنگ کرکے خوف و ہراس پھیلایا،جس کی اطلاع پر پولیس نے علاقے کا محاصرہ کیا،تاہم ملزمان فرار ہوگئے تھے۔گرفتار ملزمان کو بمعہ اسلحہ و ایمونیشن پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔