اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے شیرک چئیرمین آصف علی زرداری پرعمران کو قتل کرنے کی سازش سے متعلق بیان پرجوڈیشل مجسٹریٹ نے شیخ رشید کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔
آصف علی زرداری پر عمران کو قتل کرنے کی سازش سے متعلق بیان پر درج مقدمے میں جسمانی ریمانڈ کی استدعا پراسلام آباد کے جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت نے محفوظ فیصلہ سنا دیا۔
سماعت شروع ہونے سے قبل شیخ رشید نے جج کے سامنے اپنی ہاتھوں پر لگی ہتھکڑی کھلوانے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ میں 16 مرتبہ وزیر رہا ہوں۔
جس پر پولیس نے شیخ رشید کی ہتھکڑی عدالت میں کھول دی اور پراسیکیوٹر عدنان نے کمرہ عدالت میں شیخ رشید کے خلاف درج مقدمے کا متن پڑھ کر سنایا۔
اس موقع پر شیخ رشید نے کمرہ عدالت میں وکالت نامہ پر دستخط کیے اور باقاعدہ طور پر سماعت کا آغاز کیا گیا۔
سماعت کے آغاز پر جج عمر شبیر نے استفسار کیا کہ مجھے مقدمہ میں وہ جملہ دکھائیں جہاں دفعہ 120 لگتی ہے، جس پر پراسیکیوٹر عدنان کا کہنا تھا کہ شیخ رشید آصف زرداری کے خاندان کے لیے خطرہ پیدا کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ شیخ رشید نے بیان دیا کہ آصف علی زرداری نے عمران خان کو قتل کرنے کی سازش کی اور ان کو دفعات کے مطابق 7 سال قید اور جرمانہ ہوسکتا ہے۔
پراسیکیوٹر عدنان کا کہنا تھا کہ اس بیان کے ذریعے عمران خان اور آصف زرداری کی جماعتوں میں اشتعال پھیلانے کی کوشش کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں لوگ چھوٹی چھوٹی باتوں پر گلے کاٹنے پر آجاتے ہیں، آصف زرداری اور ان کے خاندان کو جان کا خطرہ ہے۔
اس موقع پر پراسیکیوٹر عدنان کی جانب سے شیخ رشید کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کردی گئی، جس پر جج نے استفسار کرتے ہوئے کہا کہ کیا آصف زرداری نے آپ کو بتایا ہے کہ ان کو خطرہ ہے؟
جج کے سوال پر پراسیکیوٹر عدنان نے جواب پیش کرتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید نے خود بیان دیا ہے اور اب ان کا وائس میچنگ ٹیسٹ ایف آئی اے سے کروانا ہے، ان کا فوٹوگرامیٹک ٹیسٹ درکار ہے اور عمران خان کے خلاف سازش کے بیان کے حوالے سے جسمانی ریمانڈ درکار ہے۔
اس موقع پر شیخ رشید کے وکیل انتظار پنجوتھا نے کہا کہ افسوس کی بات ہے ہائیکورٹ کے آرڈر کے باوجود شیخ رشید کے خلاف مقدمہ درج ہوا۔
انہوں نے کہا کہ جس نے سابق وزیراعظم کے خلاف سازش کو پوائنٹ آؤٹ کیا ان کے خلاف تفتیش کی جارہی ہے، پراسیکیوشن ہر کیس کے اندر بغاوت کی دفعہ لگا دیتے ہیں، اتنے نالائق ہیں۔
اس موقع پر انتظار پنجوتھا نے انڈین کورٹ کے فیصلے کا حوالہ دیا اور کہا کہ انڈیا میں مسلمانوں کے قتل پر بھی یہ دفعات لاگو نہیں ہوتیں لیکن ہماری ملک میں انہیں دفعات پر مقدمات درج ہو رہے ہیں۔
بعدازاں شیخ رشید کے وکیل انتظار پنجوتھا نے بھی شیخ رشید کو کیس سے ڈسچارج کرنے کی استدعا کی تھی۔
دوسری سماعت میں شیخ رشید نے کہا کہ مجھے عمران خان نے کہا الیکشن مہم میں سامنے نکلوں، لیکن میرا تجزیہ ہے کہ انتخابات سے قبل عمران خان کو نااہل یا جیل میں بھیجنے کا پلان کیا جارہے ہیں اور عمران خان کو زہر بھی دیا جاسکتا ہے۔