کراچی (اسٹاف رپورٹر) نارتھ کراچی میں شہری سے لوٹ مار کرنے والے 2 مبینہ ڈاکوؤں کو عوام نے تشدد کا نشانہ بنا کر زندہ جلا ڈالا ، پولیس نے ڈاکوؤں کو زندہ جلانے کے الزام میں 10 مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر شامل تفتیش کرلیا ۔
خواجہ اجمیر نگری کے علاقے نارتھ کراچی فور کے چورنگی کے قریب عوام نے موٹر سائیکل سوار 2 مبینہ ڈاکوؤں کو تشدد کا بنایا اس موقع پرکچھ افراد نے پیٹرول چھڑک کر ڈاکوؤں کو زندہ جلا دیا جس کے باعث وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے
پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران معلوم ہوا ہے کہ جبران نامی شہری موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ اس کے موبائل پر کال آئی اور وہ موبائل نکال بات کر رہا تھا کہ موٹر سائیکل سوار 2 ڈاکو آئے اور انھوں نے اس سے موبائل فون چھین لیا اس دوران ڈاکوؤں نے شہری کے سر پر پستول کا بٹ بھی مارا اور فائر کر رہے تھے کہ گولی چمبر میں پھنس گئی
اس دوران شہری جبران نے شور مچا دیا جس پر لوگ جمع ہوگئے اور انھوں نے ڈاکوؤں کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد انھیں پیٹرول چھڑک کر زندہ جلا دیا ۔
دونوں ڈاکو اسپتال پہنچنے سے قبل ہی موقع پر ہلاک ہوگئے ، پولیس نے ڈاکوؤں کے قبضے سے پستول ، 3 موبائل فونز اور ایک موٹر سائیکل برآمد کرلی۔ جس کے انجن نمبر اور چیسز نمبر کی مدد سے چیک کرایا گیا تو وہ سرجانی ٹاؤن تھانے کی حدود سے چوری کی گئی تھی
ڈاکوؤں نے موٹر سائیکل پر جو نمبر پلیٹ لگائی ہوئی تھی وہ بھی چوری کی موٹر سائیکل ہے ، پولیس نے بتایا کہ شہریوں کے ہاتھوں جلائے گئے ڈاکوؤں کی شناخت محمد عمران اور نادر حسین کے نام سے کی گئی جن کا کرمنل ریکارڈ بھی سامنے آیا ہے ، ہلاک ہونے والے ڈاکو نادر حسین کے خلاف ڈسٹرکٹ کورنگی ، ملیر اور سینٹرل میں متعدد مقدمات درج ہیں دوسرے ہلاک ڈاکو عمران کے خلاف ڈسٹرکٹ ویسٹ میں مقدمہ درج ہے ۔ خواجہ اجمیر نگری پولیس نے جائے وقوعہ سے ڈاکوؤں کو زندہ جلانے کے الزام میں 10 افراد کو حراست میں لے لیا ہے ۔