نئی دہلی(امت نیوز) بھارتی پارلیمنٹ میں اپوزیشن لیڈر اورکانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پر کرپشن کا الزام لگادیا
راہول گاندھی نے کہا کہ امیر ترین تاجر گوتم اڈانی نے بی جے پی اور مودی کو پچھلے 20 برسوں میں کتنی رقم دی یہ بات منظر عام پر آنی چاہئے
بھارت کی پارلیمنٹ لوک سبھا میں خطاب میں راہول گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی اور امیر ترین تاجر گوتم اڈانی کے گٹھ جوڑ پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ گوتم اڈانی 2014 میں امیر لوگوں کی فہرست میں 609 ویں نمبر پرتھا آج دوسرے نمبر پرہے۔ اڈانی کا بزنس 8 بلین ڈالر سے 140 بلین ڈالر کا کیسے ہوگیا۔ مودی سرکار میں سیب سے لے کر کیلوں تک کے کاروبار میں اڈانی کا نام ہی کیوں سامنے آتا ہے۔
راہول گاندھی نے مودی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہمارا وزیراعظم سری لنکا جا کر کہتا ہے کہ بجلی کا پروجیکٹ اڈانی کو دے دیں۔ یہ فارن پالیسی نہیں بلکہ یہ اڈانی کے بزنسز بنانے کی فارن پالیسی ہے۔ فرق صرف یہ ہے کہ پہلے اڈانی کے طیارے میں مودی جاتے تھے اب مودی کے طیارے میں اڈانی جاتا ہے