ایبٹ آباد: مسلم لیگ کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف کو جس گروہ نے نکالا، اس کا سرغنہ عمران خان ہے،آج نوازشریف کے مخالفین کہہ رہے ہیں ان کے ساتھ زیادتی ہوئی۔ پاکستان کو مشکلات کے بھنور سے صرف مسلم لیگ ن نکال سکتی ہے۔
ایبٹ آباد میں تنظیمی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہناتھا کہ صوبہ ہزارہ بنانے میں عوام کے ساتھ ہوں، خیبرپختونخوا میں جتنے بھی منصوبے ہیں ان پر نواز شریف کا نام لکھا ہے، ہزارہ موٹروے ہو، میٹرو بس یا بجلی گھر سمیت تمام منصوبے نوازشریف نے شروع کئے۔ خیبرپختونخوا کو فنڈز نہیں، صرف نوازشریف کی ضرورت ہے۔ پاکستان کو مشکلات کے بھنور سے صرف مسلم لیگ ن نکال سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پشاور دھماکے پر انتہائی افسوس ہے، اس کا ذمے دار وہ شخص ہے جو صوبے میں 10 برس حکمران رہا لیکن پولیس کو مضبوط نہیں کیا۔ جو پیسہ وفاق نے دیا، 10 سال اپنی جیبیں بھرتے رہے، اس لیے خیبر پختونخوا میں احتساب کے اداروں کو تالا لگائے رکھا۔
مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کا معاہدہ عمران خان نے کیا، آج جس مہنگائی کا سامنا عوام کر رہے ہیں وہ عمران خان کا کارنامہ ہے۔ بعد میں آئی ایم ایف کا معاہدہ پھاڑ کر زمان پارک کے بنکر میں چھپ گئے، اب کس بات کا رونا رو رہے ہو۔تمہیں عدالت جاتے ہوئے پلاسٹر نہیں تمھارے جرائم روکتے ہیں۔ تمہیں علم میں ہے تم نے چوری کی ہے، عدالت بلاتی ہے تو پلاسٹر دکھا دیتے ہو۔ خود ماضی کا حصہ بن گئے اور ملک کو دلدل میں دھکیل دیا۔
مریم نواز نے کہا ہے کہ پشاور دھماکے کے قصوروار وہ ہیں جو 10 سال حکومت کرتے رہے، خیبر پختون خوا کو وسائل کی نہیں نواز شریف کی ضرورت ہے۔