کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) شہر قائد کے مختلف علاقوں میں بے روزگاری سے تنگ آکر دو افراد پھندا لگا کر خودکشی کرلی ، جبکہ ایک شخص کی لاش ملی ۔ تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹاؤن کے علاقے یوسف گوٹھ گلی نمبر 5سے ایک شخص کی پھندا لگی لاش کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی پولیس نے موقع معائنے کے بعد لاش کو ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ۔جہاں ایس ایچ او یاسین گجر نے بتایا کہ متوفی کی شناخت 36 سالہ سرفراز ولد یاسین کے نام سے ہوئی ہے۔ متوفی نشے کی لت میں مبتلا تھا اور تین بچوں کا باپ تھا، معاشی پریشانی کے باعث اسے نشہ نہیں مل رہا تھا جس کے باعث وہ پریشان تھا اور اس نے خود کو پھندا لگا کر خودکشی کرلی۔ پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی اور واقعے کی مزید جانچ کا عمل شروع کردیا۔ بریگیڈ کے علاقے لائنز ایریا کمپریسر مارکیٹ کے قریب گھر میں پھندا لگی لاش ملنے کی اطلاع پر پولیس اور امدادی رضا کار موقع پر پہنچ گئے۔پنکھے کے ساتھ لٹکی لاش کو اتار کر ایمبولنس جناح اسپتال منتقل کیا گیا ، جہاں پر متوفی کی شناخت 45 سالہ کاشف ولد امجد کے نام سے ہوئی ۔ ایس ایچ او آغا معشوق نے بتایا کہ متوفی کافی عرصے سے بیروزگار تھا معاشی تنگدستی کے باعث مذکورہ اقدام کیا ہے ، انہوں نے بتایا کہ متوفی کے 5 بچے اور کرائے کے مکان میں رہتا تھا۔ پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد لاش اہلخانہ کے سپرد کردی مزید جانچ کا عمل شروع کردیا ۔علاوہ ازیں سچل کے علاقے سہراب گوٹھ پل کے قریب سے ایک شخص کی لاش ملی اس اطلاع ملنے پر پولیس اور فلاحی ادارے کے رضا کار موقع پر پہنچے اور لاش کو تحویل میں لیکر اسے عباسی شہیداسپتال منتقل کیا ۔ فوری طور پر متوفی کی شناخت اور موت کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ۔ لاش کو ضابطے کی کارروائی کے بعد سرد خانے منتقل کردیا گیا۔