نوازشریف تاحیات نااہل اور بھگوڑا ہیں، شہباز شریف نے ان کی ضمانت دی ان کےخلاف بھی کیس ہونا چاہیے۔ فائل فوٹو
نوازشریف تاحیات نااہل اور بھگوڑا ہیں، شہباز شریف نے ان کی ضمانت دی ان کےخلاف بھی کیس ہونا چاہیے۔ فائل فوٹو

جیل بھروتحریک میں کارکنوں کا جوش دیدنی ہے ،پرویزالہیٰ کا دعویٰ

لاہور(امت نیوز)سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہٰی نے دعویٰ کیا ہے کہ جیل بھرو تحریک میں گرفتاریاں پیش کرنے کیلئے کارکنوں کا جوش و جذبہ دیدنی ہے، اوورسیز پاکستانی بھی گرفتاری کیلئے اپنا نام رضاکارانہ پیش کر رہے ہیں

مسلم لیگ ق کے رہنما ساجد احمد خان بھٹی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے پرویز الہٰی نے کہا کہ شہباز شریف تاریخ کے نا اہل ترین حکمران ثابت ہورہے ہیں، مریم نواز بھی انکی نااہلیوں کا بوجھ اٹھانے کو تیار نہیں۔

چوہدری پرویزالہٰی نے کہا کہ پنجاب کا سیاسی میدان بھی عمران خان کے نام ہوچکا ہے، مسلم لیگ ن پنجاب کھو چکی ہے، اب ن لیگ کا کوئی مستقبل نہیں۔ مریم نواز کی لندن سے واپسی پر ایک مرتبہ پھر لانچنگ بھی ناکام ہوگئی، پی ڈی ایم کی پوری کوشش ہے کہ اقتدار سے چمٹے رہیں جس کیلئے انہیں آئین شکنی بھی قبول ہے۔

پرویز الہٰی نے الزام عائد کیا کہ ہمارے حامیوں کو غیر قانونی طور پر اٹھا کر لاپتہ کیا جارہا ہے، حکمرانوں کے انتقامی اقدامات کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کی سیاست کا ایک ہی اسٹار ہے اور اس کا نام عمران خان ہے، عمران خان کے خوف نے حکمرانوں کی نیندیں حرام کردی ہیں، (ن) لیگ میں سیاسی میدان میں عمران خان کا مقابلہ کرنے کی ہمت نہیں۔