کراچی(اسٹاف رپورٹر)پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں مبینہ مقابلوں کے دوران3 ڈاکو ہلاک ،جبکہ2 زخمیوں سمیت 3ملزمان کو گرفتارکرکے قبضے سے اسلحہ ومسروقہ سامان برآمد کرنے کادعویٰ کیا ۔تفصیلات کے مطابق کورنگی کے علاقے کورنگی ڈھائی نمبرباکری پیٹرول پمپ کے قریب پولیس نے مبینہ مقابلے میں تین ملزمان کو ہلاک کردیا،ایس ایچ او ملک عامر کے مطابق ہلاک ملزموں کے قبضے 2 پستول ،ایک نئی 125 موٹرسائیکل،9 مسروقہ موبائل فونز،شناختی کارڈ،اے ٹی ایم کارڈ اور کمپنیوں کے کارڈ برآمد ہوئے۔
پولیس کادعویٰ ہے کہ ملزمان لوٹ ما رکے بعد فرار ہورہے تھے کہ گشت پر مامور اہلکار موقع پرپہنچ گئے۔ اس دوران پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا،جس میں 2 ملزمان موقع پرہلاک جبکہ تیسرا شدید زخمی ملزم اسپتال پہنچانے کے دوران راستے میں ہلاک ہوگیا،فوری طور پر تینوں ہلاک ملزموں کی شناخت نہیں ہوسکی۔ پولیس نے پوسٹ مارٹم کی کارروائی کے بعد لاشیں سردخانے منتقل کردیں۔ ایس ایچ او کے مطابق ایک متاثرہ شہری جس سے ملزمان نے اسلحے کے زور پر موبائل فون چھینا تھا اس نے ایک ہلاک ملزم کو شناخت کیا ہے،جبکہ وہ دو ہلاک ملزمان کو اندھیراہونے کے باعث پہچان نہیں سکا۔اس کا کہنا ہے کہ جس اسے لوٹا گیا اس دوران دو ملزمان اندھیرے میں کھڑے تھے جس کے باعث میں انہیں پہچان نہیں سکا،جبکہ مقابلے کے بعد موقع پر جمع ہونے افراد کے حوالے سے سوشل میڈیا پرمتعدد ویڈیووائرل ہوئی ،جس میں چند شہریوں کا یہ کہنا تھا کہ یہ وہی ملزمان نے جو میلا ہوٹل پر سب کو اسلحے کے زورپر لوٹ کر فرار ہوئے تھے،تاہم پولیس موقع اور تھانے پہنچے والے متاثرین سے بیانات لے رہی ہے۔
ایس ایس پی کورنگی ساجد سدوزئی کا کہناہے کہ موٹرسائیکل سوار تین ڈاکو شہریوں سے موبائل فون اورنقدی چھین کر فرار ہوئے تھے، پولیس نے عوام کی اطلاع پر ملزمان کا تعاقب کیا اور فائرنگ کے تبادلے میں تینوں ڈاکو مارے گئے۔علاوہ ازیں کورنگی انڈسٹریل ایریا پولیس نے گودام چورنگی کے قریب فائرنگ کے تبادلے کے بعد ملزم میرمرتضٰی کو زخمی حالت میں ساتھی راجاسمیت گرفتارکرکے قبضے سے اسلحہ ،موبائل فونزاور مسروقہ موٹرسائیکل برآمد کر کے زخمی ملزم کو طبی امداد کیلئے اسپتال پہنچایا ،پولیس کے مطابق گرفتارملزمان اسٹریٹ کرمنل ہیں ۔سچل پولیس نے سپرہائی وے ہاشم آباد کچے روڈ کے قریب مقابلے کے بعد ملزم کاظم کو زخمی حالت میں گرفتارکرکے قبضے سے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کرکے ملزم کو طبی امداد کیلئے اسپتال پہنچایا۔