کوئٹہ: واقعہ بارکھان صوبائی وزیر عبدالرحمان کھیتران کے بیٹے انعام شاہ کا کہنا ہے کہ میں سیاست میں نہیں آنا چاہتا یہ کہانی گھڑی گئی ہے، جب گیدڑ کی موت آتی ہے تو وہ شہرکی طرف بھاگتا ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالرحمان کھیتران کے بیٹے انعام شاہ کھیتران نے کہا کہ میرے باپ کے گھر میں کیمرے لگےہیں، پچھلے ایک ہفتے کی ویڈیو دیکھ لیں۔
فوٹو سوشل میڈیاانعام کھیتران نے کہا خان محمد مری کے باقی 5بچے عبدالرحمان کھیتران کی قید میں ہیں، بڑی بیٹی بارکھان والے گھراور بیٹے کوئٹہ والے گھر میں موجود ہیں۔
عبدالرحمان کھیتران کے بیٹے نے بتایا کہ بچوں کی موجودگی کےناقابل تردید ثبوت سامنے آگئے ہیں، تصویروں میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سردار زبردستی بچوں سے کام لے رہا ہے۔
انعام شاہ کھیتران کا کہنا ہے کہ ’والد نے بے گناہ افراد کو نجی جیل میں قید کر رکھا تھا جن میں سے ایک خاتون کی ویڈیو بنا کر انہوں نے سوشل میڈیا پر چلوائی جس کے بعد خاتون اور ان کے بیٹوں کو قتل کردیا گیا۔‘
انہوں نے بتایا کہ ان کے والد نے تین شادیاں کی ہیں، وہ تینوں بیویوں کی اولادوں کو آپس میں لڑا رہے ہیں۔انعام شاہ کے مطابق وہ اپنے ہی بیٹوں کے دشمن بنے ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ والد سے 2018 میں گاڑیوں کی ملکیت تبدیل کرانے پر تنازع پیدا ہوا تو انہوں نے میرے خلاف 2019 میں اپنے ہی گھر سے چوری کرنے کا جھوٹا مقدمہ درج کرایا اور خان محمد مری کو گواہ بنایا۔ جب خان محمد مری نے گواہی دینے سے انکار کیا تو ان کے بیوی بچوں کو قید کر لیا۔
واضع رہےسردار عبدالرحمان کھیتران اور ان کے بیٹے انعام کھیتران کے درمیان تنازعے میں گواہی نہ دینے پر ان افراد کو انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔