کراچی (رپورٹ :عمران خان) کسٹمز انٹیلی جنس نے صدر الیکٹرانک مارکیٹ کے خفیہ گودام میں چھاپہ مار کر 5کروڑ روپے سے زائد مالیت کے اسمگل شدہ 1ہزار لیپ ٹاپ بر آمد کرکے مقدمہ درج کرلیا۔مذکورہ کارروائی شہر میں سرگرم ایک مخصوص اور منظم اسمگلنگ نیٹ ورک کے خلاف کریک ڈاﺅن کا تسلسل ہے جس کے حوالے سے اہم حقائق جلد ہی سامنے لائے جائینگے۔
اربوں روپے کی ٹیکس چوری ،منی لانڈرنگ اور فنڈنگ کے مذکورہ نیٹ ورک کے حوالے سے انتہائی اہم اور سنگین معلومات کی روشنی میں ڈائریکٹوریٹ آف کسٹمز انٹیلی جنس کراچی کی جانب سے کارروائی کا دائرہ بھی وسیع کردیا گیا ہے ۔امت کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ڈائریکٹوریٹ آف کسٹمز انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن (آئی اینڈ آئی) کراچی نے سینٹرل پلازہ کی ایک دکان سے اسمگل شدہ 1000 لیپ ٹاپ برآمد کرلیے۔
برآمد شدہ سامان کی مالیت5کروڑ روپے ہے۔کسٹمز حکام کے مطابق ڈائریکٹر کسٹمز انٹیلی جنس ثاقف کی ہدایات پر ایڈیشنل ڈائریکٹرز انعام اللہ وزیر اور نوشین ریاض نے اپنی ٹیم کے ہمراہ خفیہ اطلاعات پر تحقیقات شروع کیں جن کے مطابق معلوم ہوا تھا کہ بیرون ملک سے مذکورہ نیٹ ورک کے ذریعے لائے گئے لیپ ٹاپ اور دیگر سامان کی بھاری کھیپ کو دیگر مقامی ڈیلروں اور ریٹیلرز کو سپلائی کے لئے صدر کے علاقے الیکٹرانک مارکیٹ کے سینٹرل پلازہ کی 9ویں منزل، دکان نمبر 70 میں ایک گودام میں رکھا گیا ہے ۔
اس تحقیقات میں کارروائی کے لئے کسٹمز انٹیلی جنس کراچی کی جانب سے سرچ وارنٹ حاصل کئے گئے، اور احاطے کی تلاشی کے نتیجے میں کارٹنوں میں بھرے غیر ملکی مختلف لیپ ٹاپس کی بھاری مقدار برآمد ہوئی۔حیرت انگیز طور پر اس کارروائی میں ضبط کئے گئے سامان کی بر آمدگی کے دوران اور اس کو کسٹمز انٹیلی جنس کے دفتر میں منتقل کئے جانے کے بعد برآمد شدہ غیر ملکی لیپ ٹاپ کی ملکیت کا دعوی کرنے کے لئے کوئی شخص سامنے آیا اور نہ ہی کسی نے قانونی درآمدثابت کرنے کے کسی قسم کی کوئی قانونی دستاویزات پیش کیں۔مذکورہ کارروائی میں کسٹمز انٹیلی جنس کی جانب سے مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں ۔
اس کارروائی کی دلچسپ بات یہ ہے کہ اس نیٹ ورک کا سراغ رواں برس ہی ہونے والی کسٹمز انٹیلی جنس کی ایک کارروائی میں لگایا گیا تھا جس میں کراچی کے ایک علاقے کے خفیہ گودام سے 50کروڑ روپے مالیت کا سامان جس میں لیپ ٹاپ،آئی پیڈ ،موبائل کمپیوٹرز اسسریز ،کھانے پینے کی غیر ملکی اشیاء،ہائی لیول فیول،بھارتی گٹکا اور چھالیہ وغیرہ بر آمد ہوا تھا ضبط کیا گیا تھا جس کے بعد اب تک اس نیٹ ورک کا سامان شہر کے مختلف علاقوں سے بر آمد کرنے کے لئے متعدد کارروائیاں کی جاچکی ہیں تاہم کسی کارروائی میں سامان کے پیچھے کوئی دعویدار سامنے نہیں آیا ہے۔