کراچی میں شہری کی فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک دوسرا زخمی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی میں شہری نے فائرنگ کرکے ایک ڈاکو کو ہلاک اور دوسرے کو زخمی کردیا۔ شہر میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کےمختلف واقعات میں 4 شہری زخمی ہوگئے

پولیس کے مطابق اورنگی ٹاون کے علاقے سیکٹر ساڑھے گیارہ شگفتہ اسکول کے قریب احسن فراز اپنے گھر کے باہر کھڑا تھا کہ موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان نے اس سے نقدی اور موبائل چھین لیا اور مزاحمت کرنے پر فائرنگ کرکے زخمی کردیا۔

فائرنگ کی آواز سن کر زخمی کا بھائی گھر سے باہر نکل آیا جس نے فائرنگ کرکے ایک ملزم کو ہلاک اور دوسرے کو زخمی کردیا۔ زخمی ڈکیت فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا پولیس کے مطابق ہلاک ملزم کی شناخت نہیں ہوسکی بائیو میٹرک کی مدد سے اس کی شناخت کی جارہی ہے۔

زخمی نوجوان کو اسپتال پہنچایا گیا جس کی حالت خطرے سے باہر ہے فرار ملزم کو کراچی کے اسپتالوں میں تلاش کیا جارہا ہے، پولیس نے لاش تحویل میں لے کر عباسی شہید اسپتال منتقل کی جہاں قانونی کارروائی اورپوسٹ مارٹم کے بعد لاش شناخت کے لیے سرد خانے منتقل کردی گئی۔

احسن آباد میں 28 سالہ عبدالرحمان، نادرن بائی پاس پر 59 سالہ شہباز، اورنگی ٹاون چشتی نگر میں 23 سالہ آصف عرفان سے موٹر سائیکل سوار ملزمان نے نقدی اور موبائل فونز چھین لیے اور مزاحمت پر گولیاں مارکر زخمی کردیا، تینوں وارداتوں میں ملوث ملزمان موقع سے فرار ہوگئے زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔