اسسٹنٹ کمشنرناظم آباد کاہالی ووڈ گلوکاروں کیلئے گانے لکھنے کا انکشاف

کراچی(امت نیوز)اپنے منفرد اسٹائل سے ملک بھر میں مشہور ہونے والے ناظم آباد کے اسسٹنٹ کمشنر ہازم بنگوار نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ماضی میں ہالی وڈ اسٹارز  آریانا گرانڈے اور  نکی میناج کے لیے بھی گانے لکھ چکے ہیں۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ہازم بنگوار نے بتایا کہ وہ  بچپن سے ہی برطانیہ اور امریکا میں مقیم تھے اور اپنے تعلیمی اخراجات اٹھانےکے لیےگانے لکھا کرتے تھے۔

ہازم بنگوار نے بتایا کہ وہ معروف امریکی گلوکارہ آریانا گرانڈے اور  نکی میناج جیسی شخصیات کے ساتھ کام کرچکے ہیں، انہوں نے ان گلوکاراؤں کے لیےگانے لکھے جس پر خوب پذیرائی ہوئی۔

29 سالہ اسسٹنٹ کمشنر نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے نکی میناج کا مشہور گانا ہائی اسکول لکھا ہے، ہازم کے مطابق انہوں نے یہ گانا لکھ کر نکی کو فروخت کردیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ میری میوزک انڈسٹری میں انٹری ایک حادثہ تھی، حالانکہ میرے والدین ایک اچھے اور مضبوط بیک گراؤنڈ سے تھے لیکن انہوں نے مجھے کہا کہ تم اپنے اخراجات خود اٹھاؤ۔

اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا کہ جب کوئی گھوسٹ رائٹر (گانا لکھنے والے کا نام ظاہر نہیں کیا جاتا) کے طور پر کام کرتا ہے، تو اسے اس کی منہ مانگی قیمت ملتی ہے۔

خیال رہے کہ ہازم بنگوار ایک ماڈل، انگریزی نغمہ نگار گلوکار اور اب ناظم آباد کے اسسٹنٹ کمشنر ہیں۔