گورنر سندھ کامران ٹیسوری یونی کیرینز انٹرنیشنل کے صدر اعجاز فاروقی اور دیگر عہدیداران سے حلف لے رہے ہیں

تمام پاکستانی ایک ہوجائیں تو مشکل وقت سے نکل سکتے ہیں،گورنرسندھ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہاہے کہ تمام پاکستانیوں کو ملک کے لئے ایک ہونے کی ضرورت ہے ۔ اگر ہم یکجا ہوجائیں تو ملک کو مشکلات سے نکال سکتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے  گورنر ہاؤس  میں یونی کیرینز ( انٹرنیشنل ) کے عہدیداران اور منیجنگ کمیٹی کے ارکان کی  تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

جامعہ کراچی کے ممتاز فارغ التحصیل طلبہ کی انجمن  یونی کیرینز( انٹرنیشنل ) کے حالیہ انتخابات میں کامیاب عہدیداران اور منیجنگ کمیٹی کے ارکان کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئےگورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ پاکستان سے محبت اور دلی  وابستگی کا اظہار وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر اس وقت تمام پاکستانی صرف پاکستان کے لئے یکجا اور ایک ہو جائیں  تو ہم اس مشکل گھڑی سے پاکستان کو نکال کر دنیا کی دیگر قوموں کی طرح ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔اس کے لئے ہمیں دنیا اور قوم کے سامنے بھی اپنے مثبت تشخص کو سامنے لانا ہوگا۔ اگر ہم ایسا کریں گے تو ہمیں شاید دنیا  کے سامنے ہاتھ پھیلانا نہیں پڑے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے مثبت تشخص کو اقوام عالم کے سامنےاجاگر کرنا ہماری اور خصوصاً یونی کیرینز کی اولین  ترجیح ہونا چاہئے کیونکہ جامعہ کراچی سے فارغ التحصیل طلبہ پاکستان اور  دنیا کے کونے کونے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔ اوراپنی کارکردگی اور انتھک محنت سے پاکستان اوردیار غیر میں پاکستان کے امیج کو بہتر سے بہتر بنا رہے ہیں۔

اس موقع پر انہوں نے حلف لینے والے کامیاب عہدیداران اور منیجنگ کمیٹی  کے ارکان کو مبارکباد پیش کی-

تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا اور بعد میں قومی ترانہ پڑھا گیا۔ اس کے بعد نو منتخب صدر پروفیسر اعجاز فاروقی نے انجمن کے اغراض و مقاصد   بیان کئے اور حاضرین کے سامنے یونی کیرینز(انٹرنشنل ) کی اپنی مادر علمی سےوابستگی اور دلی لگاؤ  کوبیان کرتے ہوئے  انجمن کی کاوشوں پر روشنی ڈالی۔ جسے گورنرسندھ اور حاضرین نے خوب سراہا۔

تقریب میں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے صدر پروفسر  اعجاز فاروقی، جنرل سیکریٹری پروفیسر عادل عظمت ، نائب صدور محترمہ فارینہ عادل، ڈاکٹر عطیہ حسن، ڈاکٹر فیصل خان آفریدی، پروفیسر عرفان احمد، پروفیسر خواجہ محمد راشد، جناب مقصود یا ر خان، پروفیسر ڈاکٹر محمد ارشد عثمان، پروفیسر ڈاکٹر فرید اختر، پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر، پروفیسر نعیم الرحمان ، ڈاکٹر روحی بانو عابد، پروفیسر حسن عسکری سحر عابدی، پروفیسرسید محمد احمد ، پروفیسریوسف فیروز ، پروفیسر ڈاکٹر وجاہت علی خان سے حلف لیا۔ تقریب کے آخر میں تمام شرکا کو گورنر ہاؤس میں قائم قائد میوزیم کا دورہ بھی کرایا گیا۔