کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایف بی ایریا میں کم عمر طالبعلموں کو ایک ہی مقام پر لوٹ مار کی دوسری واردات مہنگی پڑگئی۔خنجر بردار کم عمر لٹیرے عوام کے ہتھے چڑھ گئے۔مشتعل مکینوں نے جم کر دھنائی کی،جس کے باعث وہ بے ہوش ہوگئے۔پولیس نے ملزمان کو عباسی اسپتال پہنچایا۔پولیس حکام کے مطابق فیڈرل بی ایریا بلاک 19 میں 2 سال سے وارداتیں کرنے والے 2 کم عمر طالبعلم عوام کی مدد سے پکڑے گئے۔ان ملزمان نے جمعہ کو شہری سے لوٹ مار کے بعد ہفتے کو بھی اسی مقام پر شہری کو خنجر دکھا کر لوٹ لیا تھا۔ملزمان سے 2 چھینے گئے موبائل فون اور خنجر برآمد ہوا۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان ایف بی ایریا میں واقعہ سرکاری اسکول کے طالب علم بھی ہیں۔ہوش میں آنے کے بعد ان کی شناخت معلوم ہوسکے گی۔