کراچی(اسٹاف رپورٹر)منگھوپیر میں تاجر نے ڈاکوؤں کے خلاف مزاحمت کرکے 24 لاکھ روپے لٹنے سے بچا لیے۔شہر کے دیگرعلاقوں میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 2 افراد زخمی ہوگئے۔ایک شہری اندھی گولی سے زخمی ہوگیا،جبکہ فیروزآباد میں تاجر سے 36لاکھ روپے چھین لئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق منگھوپیر نیا ناظم آباد کے قریب تاجر سرزمین خان 24 لاکھ روپے بینک میں جمع کروانے جارہا تھا کہ موٹرسائیکل پر سوار2 مسلح ملزما ن نے تاجر کا تعاقب کیا اور اس کو نیا ناظم آباد کے مرکزی گیٹ کے قریب روکنے کی کوشش کی اور نہ رکنے پرفائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں وہ ٹانگ میں گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق تاجر نے واردات کے دوران رقم سڑک پرپھینک دی،جو ڈاکووں سے محفوظ رہی،جس کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔
شارع نورجہاں کے علاقے نصرت بھٹو کالونی میں لوٹ مار کے دوران مزاحمت کرنے پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 18 سالہ شاہد زخمی ہوگیا۔ رضویہ سوسائٹی کے علاقے ناظم آباد گولیمار چورنگی کے قریب لوٹ مار کے دوران مزاحمت کرنے پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 24 سالہ علی شاہ زخمی ہوگیا۔دوسری جانب زمان ٹاون کے علاقے کورنگی نمبر ایک میں نامعلوم سمت کی گولی لگنے سے 19 سالہ عدیل ولد شکیل زخمی ہوگیا۔
علاوہ ازیں فیروزآباد کے علاقے طارق روڈ کے قریب موٹرسائیکل سوار 3 مسلح ملزمان نے کپڑے کے تاجر سے 36 لاکھ روپے لوٹ لیے اور باآسانی فرار ہوگئے۔پولیس ذرائع کے مطابق تاجر دبئی مال سے رقم بینک میں جمع کروانے جارہا تھا کہ اس دوران واقعہ پیش آیا۔