راولپنڈی(اسپورٹس ڈیسک) پاکستان سپر لیگ میں 28 ویں اور اہم ترین میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف پی ایس ایل کی تاریخ کا سب سے بڑا 262 رنز کا اسکور بنا ڈالا
راولپنڈی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جانے والے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان محمد نواز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا
ملتان سلطانز کی جانب سے اننگز کا آغاز عثمان خان اور محمد رضوان نے کیا، عثمان خان نے اننگز کے آغاز سے ہی جارحانہ کھیل پیش کیا اور کوئٹہ کے بولرز کی ایک نہ چلنے دی، عثمان خان نے صرف 36 گیندوں پر پی ایس ایل کی تیز ترین سنچری اسکور کر ڈالی۔
انہوں نے اپنے ساتھی کھلاڑی رائیلی روسو کی 41 گیندوں پر تیز ترین پی ایس ایل سنچری کا ریکارڈ توڑا اور عثمان خان مجموعی طور پر 43 گیندوں پر 9 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 120 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
محمد رضوان نے بھی 26 گیندوں پر ففٹی مکمل کی اور وہ 55 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جبکہ رائیلی روسو 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ٹم ڈیوڈ 43 اور کیرون پولارڈ 23 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 262 رنز اسکور کیے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پی ایس ایل کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکور اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کے خلاف 2021 میں بنایا تھا جو 247 رنز تھا