راولپنڈی (اسپورٹس ڈیسک) پاکستان سپر لیگ 8 میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 9 رنز سے شکست دے کر پلے آف کی دوڑ سے باہر کر دیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی شکست کے بعد پشاور زلمی نے پلے آف مرحلے میں رسائی حاصل کرلی۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے لیگ کے 28 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 263 رنز کے تعاقب میں 8 وکٹوں کے نقصان پر مقررہ 20 اوورز میں 253 رنز بنا سکی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے عمیر یوسف 67 اور افتخار احمد 53 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ مارٹن گپٹل 37، عمر اکمل 28 اور کپتان محمد نواز 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
قیس احمد اور نوین الحق 17، 17 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے عباس آفریدی نے 5 جبکہ احسان اللہ نے 2 اور انور علی نے 1 وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 263 رنز اسکور کیے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے عثمان خان نے 43 گیندوں پر 120 رنز کی دھواں دار اننگ کھیلی۔
کپتان محمد رضوان 55 اور رائلی روسی 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جبکہ ٹم ڈیوڈ 43 اور کیرون پولارڈ 23 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔