انسانی اسمگلرزمتاثرہ شخص کو کرنٹ لگا کر تشدد کرتے رہے، فائل فوٹو
انسانی اسمگلرزمتاثرہ شخص کو کرنٹ لگا کر تشدد کرتے رہے، فائل فوٹو

ٹی ٹی پی دہشت گرد-قاتل بھائی سمیت 4 گرفتار

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سی ٹی ڈی نے کالعدم ٹی ٹی پی کے دہشت گرد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے،جبکہ پولیس کارروائیوں میں معذور شخص کے قتل میں ملوث دوسرے ملزم بھائی اور منشیات فروش باپ بیٹی بھی پکڑے گئے۔

تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی انویسٹی گیشن نے کالعدم ٹی ٹی پی طارق گیدڑ گروپ کا دہشتگرد گرفتار کرلیا،جو اس گروپ کے کمانڈر کا اہم ساتھی ہے۔سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گرد کی شناخت اسرار کے نام سے ہوئی ہے اور اس کا تعلق درہ آدم خیل سےہے۔دہشتگرد کے قبضے سے کلاشنکوف برآمد ہوئی ہے۔سی ٹی ڈی نے بتایا کہ سی ٹی ڈی کو طارق گیدڑ گروپ دوبارہ منظم کرنے کی خفیہ اطلاع ملی تھی۔دہشت گرد 20 روز قبل درہ آدم خیل سے کراچی میں دہشتگردی کی کارروائیاں کرنے پہنچا تھا۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار دہشت گرد اسرار اس سے قبل بھی دہشتگردی کی کئی وارداتوں میں سہولت کار رہا ہے۔دہشت گرد کی نشاندہی پرمزید اہم گرفتاریاں متوقع ہیں۔

اتحاد ٹاؤن میں جائیداد کے تنازع پر معذور بھائی کو قتل کرنے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق گزشتہ روز عاصم ولد زرداد نامی ملزم جائیداد کے تنازع پر والد کے ساتھ ملکر اپنے بڑے بھائی ریاست کو قتل کرکے فرارہوگیا تھا۔متوفی کو چھری اور بیلچے کے وار کرکے قتل کیا گیا تھا۔پولیس نے کارروائی کرکے قتل میں ملوث متوفی کے والد زرداد کو گزشتہ روز جب کہ مرکزی ملزم عاصم کو بھی گرفتار کرلیا۔متوفی بہن بھائیوں میں بڑا اور پولیو کی مرض کی وجہ سے معذور بھی تھا۔

واقعہ میں استعمال ہونے والا آلہ قتل چھری،بیلچہ اور متوفی کے والد کے خون آلود کپڑے برآمد کرلیے گئے ہیں۔ملزمان کے خلاف قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔علاوہ ازیں سکھن پولیس نے منشیات فروش باپ بیٹی کو گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق ملزمان کو دوران گشت ملکائی پاڑہ ریڑھی گوٹھ سے گرفتار کیا گیا۔ملزمہ خاتون شیرین زوجہ زبیر سے ایک کلو 320 گرام چرس اور ملزم اسحاق عرف ابو ولد موسیٰ سے ایک کلو 850 گرام چرس برآمد کی گئی۔پولیس نے بتایا کہ ملزمان پہلے بھی تھانہ سکھن میں کئی مقدمات میں بند ہوچکے ہیں۔