ممبئی (انٹرنیشنل ڈیسک)بھارت کے معروف اداکار سلمان خان کو پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل میں گرفتار گینگسٹر لارنس بشنوئی نے جیل سے قتل کی دھمکی دی ہے۔
1998 میں فلم ’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘ کی شوٹنگ کے دوران سلمان خان نے راجستھان کے جنگلات میں کالے ہرن کا شکار کیا تھا۔ سلمان کے علاوہ سیف علی خان، سونالی بیندرے، تبو اور نیلم کوٹھاری بھی ملزم تھے۔ سلمان خان کو اس کے لیے جودھ پور کی عدالت نے 5 سال کی سزا بھی سنائی تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سدھو موسی والا قتل کیس میں ملوث مجرم لارنس بشنوئی نے کہا ہے کہ جب وہ 4،5 سال کا تھا تو سلمان خان نے شکار کے دوران کالے ہرن کو مار ڈالا جس کی بشنوئی برادری پوجا کرتی ہے، سلمان نے کالے ہرن کا شکار کرکے اس کی برادری کی توہین کی ۔ اگر وہ بشنوئی برادری سے معافی نہیں مانگتے ہیں تو نتائج بھگتنے کے لیے تیاررہیں۔
لارنس بشنوئی نے کہا کہ سلمان خان نے ہماری برادری کو نیچا دکھایا ہے۔ ہم ان کی انا توڑ دیں گے۔ ہم چاہتے ہیں کہ سلمان ہماری برادری سے معافی مانگیں۔ سلمان کو ہماری برادری کے مندر کے سامنے معافی مانگنی ہوگی، اگر ہمارے لوگ انہیں معاف کر دیں تو مجھے کوئی مسئلہ نہیں ۔