کراچی(رپورٹ:عمران خان)ایف آئی اے کی جانب سے چھالیہ اور بھارتی گٹکے کی اسمگلنگ نیٹ ورک میں ملوث کارندوں کے خلاف کارروائی کی گئی،جس کے دوران کھارادر کے علاقے میں قائم کئی دکانوں سے رات کے وقت کروڑوں روپے مالیت کی اسمگل شدہ چھالیہ، بھارتی گٹکا اور پان پراگ ضبط کیا گیا۔کارروائی کے دوران اسمگلروں کے کارندے موقع پر پہنچ گئے اور سول کپڑوں میں موجود ایف آئی اے کی ٹیم کو گھیر لیا۔اس دوران تلخ کلامی کے بعد ہاتھا پائی بھی ہوئی اور معاملہ بڑھنے پر ایف آئی اے ٹیم کو لاحق خطرات کے پیش نظر کھارادر پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی اور ایف آئی اے ٹیم کو بحفاظت نکالا گیا،تاہم اس وقت تک اسمگلروں کے درجنوں کارندے زیادہ تر سامان چھین کر لے جانے میں کامیاب ہوگئے تھے۔جبکہ ایف آئی اے کی ٹیم کی جانب سے باقی مانندہ ضبط شدہ سامان ابتدائی طور پر نجی گودام میں منتقل کیا گیا۔
اس دوران پولیس کی موبائلیں ایف آئی اے کے ساتھ رہیں۔ایف آئی اے حکام نے انکوائری کے احکامات جاری کئے،جس پر ابتدائی رپورٹ پیش کردی گئی ہے۔اس ضمن میں ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ایف آئی اے کراچی کی جانب سے کروڑوں روپے مالیت کی چھالیہ،سگریٹ ضبط کرلئے گئے۔جوڑیا بازار میں چھالیہ سپلائی کے 4 سے زائد گوداموں کو سیز کیا گیا،جبکہ کارروائی کے 48 گھنٹے بعد مقدمہ درج کیا گیا۔ایف آئی اے کی کارروائی کے دوران گوداموں میں موجود افراد کی مزاحمت کی کوشش پر کھاردار تھانے کی 7 سے زائد موبائلوں کو طلب کیا گیا۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی نے کارروائی کے بعد انکوائری کمیٹی تشکیل دی۔انکوائری افسر نے اپنی رپورٹ ڈائریکٹر آفس کراچی کو ارسال کردی۔ذرائع کا کہنا تھا کہ اس کارروائی میں ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی کی ٹیم نے پیر اور منگل کی درمیانی شب کھارادر تھانے کی حدود جوڑیا بازار میں چھالیہ اسمگلنگ نیٹ ورک میں ملوث کارندوں کے خلاف کارروائی کی۔
واضح رہے کہ ایف آئی اے کی ٹیم نے پہلی بار چھاالیہ نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کی ہے اس کارروائی کا مقدمہ جمعرات کی شام کو چھالیہ نیٹ ورک میں شامل عارف ،جمعہ خان ،سخی داد ،حاجی صدیق ،برات خان سمیت دیگر کے خلاف کسٹم ایکٹ کی دفعہ 156کے تحت درج کیا گیا۔واضح رہے کہ 14 مارچ کی شب دو بجے کے قریب ہونے والی کارروائی میں کھارادر تھانے کی سات پولیس موبائلوں کو طلب کیا گیا۔اس دوران چھالیہ گوداموں میں موجود 300سے زائد افراد نے ایف آئی اے کی ٹیم کو روکنے کی کوشش کی اور بعد ازاں یہ ہی افراد صدر میں بھی احتجاج کرنے لگے،جس پر پریڈی تھانے کی پولیس موبائلیں بھی موقع پر پہنچ گئیں۔
اطلاع پر ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی سلام شیخ نے ڈپٹی ڈائریکٹر امیگریشن علی مراد کی نگرانی میں انکوائری کمیٹی تشکیل دی، جس پر انکوائری افسر نے رپورٹ انہیں ارسال کردی۔دوسری جانب ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ اس کارروائی میں چھالیہ،اسمگل سگریٹس،پان پراگ سمیت دیگر اشیائ کو ضبط کیا گیا ہے تاہم اس کارروائی میں کوئی ملزم گرفتار نہیں ہوا ہے۔