کراچی:محنت کش-دکاندار قتل-2متحدہ کارکنوں سمیت 11افراد زخمی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہر قائد میں فائرنگ کے واقعات میں محنت کش اور دکاندار کو قتل کردیا گیا جبکہ ڈکیتی مزاحمت کے دوران ایم کیو ایم پاکستان کے کارکنان سمیت 11افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق لانڈھی ایریا ٹو بی میں دو مسلح موٹر سائیکل سوار ملزمان دکانداروں سے لوٹ مارکررہے ملزمان کی فائرنگ سےجنرل اسٹور کا مالک شدید زخمی ہوگیا جسے لیاقت نیشنل اسپتال منتقل گیا جہاں وہ دم توڑ گیا۔مقتول کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لئے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ جہاں لاش کی شناخت40سالہ اکرم ولد عبدالوہاب کے نام سے ہوئی۔ایس ایچ او فرخ ہاشمی کے مطابق ابتدائی معلومات کے مطابق موٹرسائیکل پر سواردوملزمان آئے اور ایک ملزم نے موٹرسائیکل سے اترکر مقتول کے ارشد وحذیفہ جنرل اسٹورمیں داخل ہوکر لوٹ مار شروع کردی اسی دوران مغرب کی نماز پڑھ کر جیسے ہی اکرم پہنچا تو اس نے ملزم کو پکڑ لیا،جس پرموٹر سائیکل سوار ساتھی ملزم نے اکرم پر فائرنگ کردی جو سینے میں لگی اور بعدازاں جان لیوا ثابت ہوئی، مقتول تین بچوں کا باپ اور مذکورہ جنرل اسٹور کامالک تھا۔

سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا کے علاقے آقا خیل گوٹھ نزد چاکر ہوٹل کے قریب نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے 30سالہ شبیر ولد حاجی شیر کو قتل کردیا اور فرارہو گئے جس کی لاش پولیس نے عباسی شہید اسپتال پہنچائی جہاں پولیس ترجمان کا کہنا تھاکہ شبیر کو ذاتی دشمنی پر قتل کیا گیا جوکہ پیشے کے اعتبارسے محنت کش تھا تاہم پولیس مزید تفتیش کررہی ہے۔ نیو کراچی کے علاقے سلیم سینٹرنزد یوپی موڑ کے قریب ہوٹل پر مسلح ملزمان نے دھاوا بول دیا ، لوٹ مارکے دوران مزاحمت پر فائرنگ کرکے تین افراد کو زخمی کردیا اور نقدی اورموبائل فون لوٹ کر فرار ہوگئے زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا پولیس کے مطابق مذکورہ واقعہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب پیش آیا تھا زخمیوں میں اویس ولد سلیم، فرحان ولد نبی رسول، اور عمر ولد زبیرشامل ہے۔ پولیس کے مطابق زخمی فرحان اے پی ایم ایس او سیکٹر اے کے آرگنائزر ہے جبکہ اویس سلیم نارتھ کراچی یوسی 4 کا جوائنٹ انچارج ہے۔

پیر آباد کے علاقے بنارس ولیکا اسپتال کے قریب نامعلوم ملزمان نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کرکے 48سالہ سجاد کو زخمی کردیا اور فرار ہوگئے مضروب کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ۔سچل کے علاقے صفورا چورنگی پر موٹرسائیکل سوار ملزمان نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر 36سالہ وزیر کریم کو زخمی کردیا جس کو اسپتال میں طبی امداد جارہی ہے۔سرجانی ٹاؤن کے علاقے فور کے چورنگی کے قریب موٹرسائیکل سوارملزمان نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پرفائرنگ کرکے 18 سالہ سمیع ولد عبدالحمید کو زخمی کردیا جسے طبی امداد کیلئے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

اسی تھانے کی حدود خدا کی بستی میں موٹرسائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کرکےکمپنی کے گارڈ نوید کو زخمی کردیا اور فرارہوگئے۔ پولیس نے واقعے کی مزید تفتیش شروع کردی۔سپرہائی وے جمالی گوٹھ میں آپسی جھگڑے میں فائرنگ سے 19سالہ اسرائیل زخمی ہوگیا۔ موچکو کے علاقے مشرف کالونی میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 35سالہ عادل حسن کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے ہلال کمپنی کے قریب نامعلوم سمت کی گولی لگنے سے 30سالہ امام دین زخمی ہوگئے۔ علاوہ ازیں ملیر سٹی کے علاقے ملیر 15 میں پل پرنامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے 25سالہ نعمان ولد اقبال کو زخمی کردیا جس کو جناح اسپتال منتقل کرکے طبی امداد جارہی ہے، پولیس کے مطابق تفتیش کے بعد حقائق سامنے آسکیں گے۔