لندن(امت نیوز)برطانیہ کے سرکاری نشریاتی ادارے بی بی سی نے فارسی زبان میں ریڈیو سروس بند کرنے کا اعلان کردیا۔یہ سروس 82 سال قبل شروع کی گئی تھی اور افغانستان، ایران اور تاجکستان میں کافی مقبول تھی۔افغان میڈیا کے مطابق برطانوی نشریاتی ادارے ’’بی بی سی‘‘ نے اعلان کیا ہے کہ ان کے فارسی ریڈیو کی آخری نشریات 26 مارچ 2023 کو نشر کی جائیں گے جس کے بعد فارسی ریڈیو کا 82 سالہ سفر اختتام پذیر ہوجائے گا۔
فارسی ریڈیو لندن سے نشر ہوتا تھا جسے فارسی زبان سے تعلق رکھنے والے افراد کافی پسند کرتے تھے اور اس کے سامعین کی تعداد دنیا بھر میں لاکھوں میں ہے۔ یہ ریڈیو چینل بالخصوص افغانستان، ایران اور تاجکستان میں کافی مقبول تھا۔بی بی سی ورلڈ سروس نے کہا کہ اس نے یہ فیصلہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر مواد کی اشاعت پر توجہ مرکوز کرنے کے لیے “اسٹریٹجک تبدیلیوں” کے حصے کے طور پر کیا ہے۔
خیال رہے کہ بی بی سی نے 28 جنوری کو عربی ریڈیو کی نشریات بھی بند کردی تھیں۔ بی بی سی عربی ریڈیو کا یہ سفر 85 برسوں پر محیط تھا تاہم بی بی سی ویب سائٹ کے ذریعے عربی کی سروس فراہم کرتا رہے گا۔