پی ٹی آئی کا راناثنااللہ کیخلاف ملک بھر مقدمات درج کرانے کا اعلان

لاہور(امت نیوز)پاکستان تحریک انصاف  نے وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کے خلاف ملک بھر میں مقدمات درج کرانے کا اعلان کردیا۔

زمان پارک میں الیکشن ملتوی کیس پر گفتگو کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی اعجاز چوہدری نے کہا کہ ہمیں امید ہے سپریم کورٹ سے کل مثبت فیصلہ آ جائے گا، جس کے بعد باقاعدہ انتخابی مہم شروع ہوگی، مہم میں متعدد جلسے ہوں گے۔

اعجاز چوہدری نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کے بیانات کو توجہ سے سنیں، یہ سب لوگ عمران خان کے خاتمے کی بات کر رہے ہیں، ایسی باتیں اس وقت ہوتی ہیں جب کسی کو قتل کرنا ہو، پہلے بھی عمران خان پر حملہ ہوچکا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے وزیر داخلہ کے خلاف مقدمات درج کرانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم رانا ثنااللہ پر پورے ملک میں مقدمات درج کرا رہے ہیں، ان کے خلاف ہر ضلع اور تحصیل میں مقدمہ درج کرائیں گے۔