ڈاؤ یونیورسٹی کے تمام طلباء کوبلاسود قرضِ حسنہ کی سہولت حاصل ہوگئی

کراچی (اُمت نیوز) ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے ایم بی بی ایس سمیت تمام طلباء کو ڈیڑھ کروڑ (15 ملین روپے) سالانہ کے بلاسود قرضِ حسنہ کی سہولت حاصل ہوگئی ہے۔ یہ سہولت یونیورسٹی اور فلاحی ادارے احسان ٹرسٹ کے درمیان مفاہمت کے سمجھوتے کی تجدید کے بعد حاصل ہوئی ہے جس پر گذشتہ روز وائس چانسلر سیکریٹیریٹ میں دستخط کیے گئے،۔ ڈاؤ یونیورسٹی کی جانب سے رجسٹراراشعر آفاق اور احسان ٹرسٹ کی جانب سے جنرل مینیجر فیاض الرحمٰن خان نے دستخط کئے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر فنانس سید حامد حسین شاہ، ہیڈ آف فنانشیل ایڈ محمد علی ، اسسٹنٹ رجسٹرار اظہربھٹو،ثمینہ اکسیر بھی موجود تھیں۔ معاہدے کی تجدید غیر معینہ مدت تک کی گئی ہے جس میں ہر سال ڈیڑھ کروڑ روپے کی رقم طلبا کو ” نیڈ کم میرٹ” کی بنیاد پر دی جائے گی جبکہ قرض دہندگان کی معلومات امانت کے طور پر محفوظ رکھی جائیں گی ۔معاہدہِ مفاہمت پر دستخط کے بعد رجسٹرار ڈاؤ یونیورسٹی ڈاکٹر اشعر آفاق اور جنرل مینیجر فیاض الرحمٰن خان نے دستاویزات کا تبادلہ کیا۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے رجسٹرار ڈاؤیونیورسٹی ڈاکٹر اشعر آفاق نے کہا کہ یہ ڈاؤ یونیورسٹی کے لئے طلبا کے لئے اچھی سہولت ہے اور ضرورت مند طلبا اس سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ جنرل مینیجر احسان ٹرسٹ فیاض الرحمٰن خان نے کہا کہ ہم طلبا کو با وقار انداز میں آگے بڑھتے دیکھنا چاہتے ہیں ۔