بھارت میں مندر کے کنویں پر بنا فرش ٹوٹ گیا، 35 ہلاک

بھارت(اُمت نیوز)ریاست مدھیہ پردیش کے شہراندور میں ہندوؤں کے مذہبی تہوار رام نومی کے موقع پر ایک مندر میں کنویں کی چھت گر جانے سے ایک بڑا حادثہ ہوا جس میں 35 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔
رپورٹس کے مطابق شری بالیشور مہادیو جھولے لال مندر میں ایک کنویں پر چھت بنی ہوئی تھی جو عقیدت مندوں کے بوجھ سے دب کر ٹوٹ گئی۔ جس کے نتیجے میں 30 سے زائد لوگ 40 فٹ گہرے کنویں میں گر گئے، جس میں چار پانچ فٹ تک پانی موجود تھا۔
ریاست کے وزیر داخلہ نروتم مشرا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس حادثے میں ابتدائی طور پر 14 افراد کے مرنے کی تصدیق کی تھی مگر بعد میں زخموں کا تاب نہ لا کر 21 مزید افراد لقمہ اجل بن گئے۔
عینی شاہدوں کے مطابق حادثے کے وقت دو درجن سے زائد افراد کنویں کی چھت پر موجود تھے۔ کنواں مندر کے احاطے میں ہے۔ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ اس کے اوپر ہی مندر بنا ہوا ہے۔ حادثے کے وقت وہاں پوجا ہو رہی تھی۔