نیویارک(انٹرنیشنل ڈیسک)نارتھ اٹلانٹک ٹریٹی آرگنائزیشن (نیٹو) میں امریکا کی مستقل نمائندہ جولیان اسمتھ نے کہا ہے کہ بھارت کو نیٹو کی مستقل رکنیت دینے کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہو رہی۔
گزشتہ روز بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے نیٹو عہدیدار کا کہنا تھا کہ اگر نئی دہلی فوجی اتحاد کے ساتھ کام کرنا چاہتا ہے تو اس کیلئے دروازے کھلے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انڈو پیسفیک اور ایشیا پیسیفک میں ہم کسی کو بھی رکنیت دینے کیلئے نہیں سوچ رہے ہیں، یہ فوجی اتحاد یورپی اٹلانٹک فوجی اتحاد ہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ لیکن نیٹو کے دروازے اس خطے کیلئے کھلے ہیں، فی الحال اس کو عالمی فوجی اتحاد بنانے کیلئے وسعت دینے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر بھارت دلچسپی رکھتا ہو تو اس سے روابط ہوسکتے ہیں، لیکن اس مرحلے پر ہم بھارت کو نیٹو رکنیت کی دعوت نہیں دیں گے جب تک کہ ہمیں اس کے مقاصد کا علم نہ ہو۔