آئی پی ایل نے کین ولیمسن کو بیساکھیوں پر لاکھڑا کردیا

آکلینڈ(اسپورٹس ڈیسک)انڈین پریمیئر لیگ کے دوران انجری کا شکار ہونے والے نیوزی لینڈ کے کھلاڑی بیساکھیوں پر آگئے ۔۔
آئی پی ایل میں میچ کے دوران انجری کے باعث باہر ہونے والے کین ولیمسن بیساکھیوں کے سہارے وطن واپس پہنچ گئے۔ ان کے گھٹنے پر پٹیاں لپٹی ہوئی تھیں وہ بیساکھی کے سہارے ایئرپورٹ سےباہر آئے۔
اس موقع پر 32 سالہ کرکٹر نے کہا کہ میرے گھٹنے میں زیادہ درد نہیں ہورہا مگر انجری کی نوعیت کا علم اسکین کے بعد ہی ہوگا، جس کے بعد اسپیشلسٹ سے معائنہ کراؤں گا۔
پاکستان کے خلاف سیریز پر آئی پی ایل کو فوقیت دینے والے کیوی کرکٹر انڈین لیگ کے پہلے ہی میچ میں گھٹنے کی تکلیف کا شکار ہوکر پورے ایونٹ سے باہر ہوگئے تھے۔
واضح رہے کہ چنئی سپر کنگز کے خلاف گجرات ٹائٹنز کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے ولیمسن نے اسکوائر لیگ باؤنڈری پر رتوراج گائیکواڈ کا کیچ تھامنے کیلیے چھلانگ لگائی، اگرچہ انھوں نے گیند کو تھام لیا مگر باؤنڈری پر لینڈ ہوتا دیکھ کر اسے واپس فیلڈ میں اچھالا، اس کوشش میں وہ اپنی دائیں ٹانگ کے بل بُری طرح گرے، جس سے گھٹنے کی تکلیف کا شکار ہوگئے۔