مقبوضہ بیت المقدس(انٹرنیشنل ڈیسک)اسرائیلی حکومت نے غیرمسلموں پر مسجد اقصیٰ میں داخلے پر رمضان کے آخرے روزے تک پابندی لگادی
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کے دفتر سے جاری کردہ بیان میں یہودیوں پر مسجد اقصیٰ کے احاطے میں داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس میں مسجد اقصیٰ کے احاطے میں رمضان کے مقدس مہینے کے اختتام تک یہودی زائرین اور سیاحوں کے آنے پر پابندی رہے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ سالوں میں اسرائیل رمضان کے آخری 10 دنوں میں احاطے میں یہودیوں کے آنے پر پابندی لگاتا آیا ہے۔ گزشتہ ہفتے مسجد اقصٰی پر اسرائیلی فورسز کے حملے کے نتیجے میں غزہ، لبنان اور شام سے اسرائیل پر راکٹ حملے کیے گئے تھے جس کے جواب میں اسرائیل نے بھی فضائی حملے کیے۔