تیز بارشوں میں طیاروں کو باندھ کر رکھنے کی ہدایت

کراچی(امت نیوز)محکمہ موسمیات کی جانب سے بارش اور خراب موسم کے انتباہ پرسول ایوی ایشن نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر احتیاطی تدابیر کی ہدایات جاری کردیں۔

سی اے اے کا کہنا ہے کہ ہلکے ہوائی جہازوں کو مضبوط جگہ سے باندھنے کو یقینی بنائیں، سمجھیں تو ہلکے جہازوں کو کسی محفوظ جگہ پر پارک کردیں۔کھلے پڑے ہوئے سامان کی مناسب اسٹوریج کریں۔

سی اے اے کی ہدایات کے مطابق متعلقہ اہلکار رن وے کی رگڑ اور بریکنگ ایکشن کیلیے تیار رہیں، ریسکیو اینڈ فائر فائیٹنگ سروس کو بھی چوکنا رہنے کی ہدایت کردی گئی۔

سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ کیڑے مکوڑوں سے بچنے کیلیے رن وے کے اطراف اسپرے کیا جائے، پرندوں کی سرگرمیوں میں اضافے کو روکنے کیلیے ٹیمیں تعینات کی جائیں۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے 28 اپریل سے یکم مئی تک بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے