سینیٹر اعجاز گلگت ہاﺅس اسلام آباد میں روپوش تھے، فائل فوٹو
سینیٹر اعجاز گلگت ہاﺅس اسلام آباد میں روپوش تھے، فائل فوٹو

کور کمانڈر ہاؤس لاہور تباہ کر دیا ، اعجاز چوہدری کی آڈیو لیک

لاہور:  پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چوہدری اور ان کے بیٹے علی چوہدری کی مبینہ آڈیو کال لیک ہوگئی جس میں اعجاز چوہدری نےکہا  کہ ’ پورا کور کمانڈر ہاؤس لاہور تباہ کر دیا ہے‘۔

علی چوہدری پوچھتے ہیں کہ گولیاں چلی ہیں؟ اس پر اعجاز چوہدری کہتے ہیں کہ  ہاں جی فائرنگ ہوئی، پہلے تو ہوائی فائرنگ ہوئی ہے، پھر ایک برسٹ ماراہے،تین لوگوں کو گولیاں لگی ہیں۔لیک آڈیو میں کہا گیا ہے کہ ’گملے سے لیکر گھر کی کوئی چیز باقی نہیں بچی اڑا دیا ہے سارا‘۔

اس سے قبل شیخ امتیاز کہتے ہیں کہ ہم ادھر سارے کور کمانڈر ہاؤس میں اکھٹے ہوگئے ہیں، اس پرصغیر وڑائچ پوچھتا ہے کہ کور کمانڈر ہاؤس؟ پھر ہم بھی وہاں پہنچ جائیں؟ اس پر شیخ امتیاز کہتے ہیں کہ ہاں پہنچ جائیں۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کے وکیل خواجہ طارق رحیم کی مبینہ آڈیو لیک سامنے آئی ہے جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ میں نے کچھ چیزیں بھیجی ہیں۔ اس پر ہاشم نامی شخص کہتا ہے کہ ایک سیکنڈ میں دیکھتا ہوں۔طارق رحیم کہتے ہیں ادھر آئی ایس آئی پر انہوں نے اٹیک کیا آب پارہ پر،ادھر سات آٹھ بندے مارے گئے ہیں۔