9مئی واقعات کے ذمہ داروں کو کٹہرے میں لائیں گے، آرمی چیف

راولپنڈی (امت نیوز)آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ 9 مئی کومشتعل افراد، اس پر اکسانے اور عمل کرنےوالوں کوانصاف کےکٹہرےمیں لائیں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کور ہیڈ کوارٹرز پشاور کا دورہ کیا جہاں انہیں موجودہ سکیورٹی صورتحال اور انسداد دہشت گردی کی جاری کوششوں پربریفنگ دی گئی۔
آرمی چیف نے کور کے افسران سے خطاب کیا اور کہا کہ ہم امن اور استحکام کی اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔
ان کا کہنا تھاکہ 9 مئی یوم سیاہ کی کارروائیوں کے تمام منصوبہ سازوں، مشتعل افراد، اس پراکسانے اور عمل کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے اور پاک افواج اپنی تنصیبات کوجلانے کی مزیدکسی کوشش کوبرداشت نہیں کریں گی۔
جنرل عاصم منیر نے انفارمیشن وار فیئر اورغلط فہمیاں پیدا کرنےکی کوششوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور کہا کہ دشمن عناصرکی جانب سےمسلح افواج کو نشانہ بنانے کی مذموم کوشش کی جارہی ہے، عوام کے تعاون سے ایسی مذموم کوششوں کو ناکام بنایا جائے گا