سانحہ 9مئی:مجرموں کاآرمی ایکٹ کے تحت ٹرائل ہوگا،آئی ایس پی آر

راولپنڈی(امت نیوز) آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیرصدارت  خصوصی کور کمانڈرز کانفرنس میں 9 مئی کے واقعات میں ملوث ملزمان کے خلاف آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت ٹرائل کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت خصوصی کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی۔

کانفرنس کے شرکا نے وطن عزیز کے دفاع میں شہید ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔کانفرنس کے فورم نے  سیاسی شرپسندوں کی جانب سے کی گئی جلاؤ گھیراؤ اور فوجی تنصیبات پر حملوں کی  شدید ترین الفاظ میں مذمت کی

آئی ایس پی آر کے مطابق فورم کو اندرونی و بیرونی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ فورم کے شرکا نے بتایا کہ  آرمی کے رینک اور فائل میں عسکری تنصیبات کے نقصانات اور جلاؤ گھیراؤ پر شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے

فورم نے سیاسی مقاصد کےلیے پیدا کی گئی پچھلی چند روزہ امن و امان کی صورتحال کا جامع جائزہ لیا۔

فورم کو شہدا کی تصاویر اور یادگاروں کی بے حرمتی کے مربوط توڑ پھوڑ منصوبے پربریفنگ دی گئی۔

کانفرنس میں فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والے افراد کو پاکستان آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت ٹرائل کے ذریعے انصاف کے کٹہرے میں لانے کا اعادہ کیا گیا .

فورم کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ناقابلِ تردید شواہد کی بنیاد پر افواجِ پاکستان ان حملوں کے منصوبہ سازوں، اُکسانے والوں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والے تمام مجرموں سے بخوبی واقف ہیں

کانفرنس میں گزشتہ دنوں کے دوران امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیاجسے ایک سیاسی جماعت کی قیادت نے محض  اپنے سیاسی مفادات کے حصول کے لئے استعمال کیا

فورم نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ  کسی بھی حلقے کی جانب سے قیامِ امن و امان کیلئے رکاوٹ ڈالنے والوں سےآہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا

بریفنگ کے دوران فورم کو آگاہ کیا گیا کہ شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی، تاریخی عمارتوں کو نذرِ آتش کرنے اور فوجی تنصیبات کی توڑ پھوڑ پر مشتمل ایک مربوط منصوبے پر عمل درآمد کرایا گیاتاکہ ادارے کی بدنامی ہو سکے جبکہ یہ سارا عمل ایک ذاتی سیاسی ایجنڈہ کے حصول کے لیے تھا

آرمی چیف نے اس سارے معاملے پر فوجی فارمیشنز کی جانب سے تحمل اور پختہ ردِ عمل کو سراہا

فورم نے واضح کیا کہ کسی بھی ایجنڈے کے تحت فوجی تنصیبات اور مقامات پر حملہ کرنے والوں کے خلاف کوئی رعایت نہیں برتیں گے

فورم نے یہ بھی واضح کیا کہ شرمناک پروپیگنڈہ کا مقصد مسلح افواج اور پاکستان کی عوام کے درمیان خلیج جبکہ مسلح افواج کے رینک اینڈ فائل کے اندر  دراڑ پیدا کرنا ہے

فورم کا کہنا تھا کہ دُشمن قوتوں کے شیطانی پروپیگنڈہ کو  عوام کی حمایت سے شکست دی جائے گی

کانفرنس کے شرکاء نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ افواجِ پاکستان عوام کی بھرپور حمایت سے  پاکستان کے دشمنوں کے ایسے تمام مذموم عزائم کو ناکام بنائے گی

فورم نے موجودہ غیر مستحکم سیاسی صورتحال میں قومی سطح پرتمام اسٹیک ہولڈرز کے اتفاقِ رائے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ عوام کے اعتماد،  معاشی ترقی اور جمہوری نظام کو دوام بخشا جا سکے

کانفرنس کے شرکانے شہدائے پاکستان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے دہشتگردی کے جڑ سے خاتمے کے لئے دفاعِ وطن اور اس قوم پر اپنی جانیں نچھاور کر دیں