پب جی دوستی نے گھراجاڑ دیا۔ ماں بیٹے سمیت گھر سے بھاگ گئی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پپ جی گیم نے گھر برباد کردیا ، نارتھ ناظم آباد پولیس نے ماں اور بیٹے کو بازیاب کرتے ہوئے نفسیاتی مریض کو گرفتارکرلیا ۔تفصیلات کے مطابق نارتھ ناظم آباد پولیس نے 24مئی کو زاہد نامی شخص کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا، جس میں اس کا کہنا تھا کہ اس کی اہلیہ اقصی اور پانچ سالہ بیٹا زایان کو نارتھ ناظم آباد بلاک ڈی نزد کے ایف سی ریسٹورنٹ کے قریب سے اغواکرلیا گیا۔

پولیس نے مقدمہ درج ہونے کے بعد تفتیش کا آغاز کیا ، دوران تفتیش پولیس نے اقصی کے موبائل فون نمبرکا سی ڈی آر ریکارڈ چیک کیا تو پولیس کو کافی مدد ملی ، ٹیکنیکل بنیاد پر پولیس نے سرجانی ٹاون کے ایک گھر میں چھاپہ مار کر ماں اوربیٹے کو بازیاب کرالیا جبکہ ملزم خاور سخاوت کو گرفتارکرلیا۔ ایس ایچ او امجد کیانی نے بتایا کہ اقصی اور ملزم خاور کی دوستی پپ جی گیم کے ذریعے ہوئی تھی ، ملزم کا تعلق مظفرآباد سے ہے ، پپ جی گیم سے خاتون اور ملزم کے درمیان دوستی محبت میں شامل ہوگئی، خاتون کے کہنے پر ملزم خاور کراچی پہنچ گیا اور خاتون کو بتایاکہ میں کراچی آگیا ہوجس پر خاتون نے خاور کو کہا کہ تم نارتھ ناظم آباد کے ایف سی ریسٹورنٹ پہنچو میں آرہی ہوں ، خاتون کا شوہر کسی کام سے کوئٹہ گیا ہواتھا ، خاتون بیٹے کو لیکر مذکورہ ریسٹورنٹ پہنچی جہاں انہوں نے برگر وغیر کھایا ، اس کے بعد خاتون نے اپنا موبائل فون بند کردیا جب اس کے شوہر نے فون کیا تو اس کو نمبر بند ملا۔ وہ بھی اس پریشانی میں کوئٹہ سے کراچی پہنچ گیا ،

پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی تو ریسٹورنٹ کے باہر خاتون اور بچہ جاتے ہوئے دکھائی دیئے لیکن خاور ان کے ساتھ موجود نہیں تھا ، پولیس نے بتایا کہ ملزم خاور کے رشتے دار سرجانی ٹاون میں رہتے ہیں وہاں سے رشتے داروں نے خاور کے باپ سخاوت کو فون کرکے بتایاکہ خاور ہمارے گھر آیا ہوا ہے اس کے ساتھ خاتون اور ایک بچہ بھی ہے ، اس اطلاع پر سخاوت بھی فوری طور مظفر آباد سے کراچی آنے کے لئے نکل گیا ، پولیس نے سخاوت کا موبائل نمبر ٹریس پر ڈال دیا وہ جیسے ہی کراچی پہنچا تو پولیس نے سخاوت کو حراست میں لیکر اس کی نشاندہی پر سرجانی ٹاون میں چھاپہ مار کر ماں اوربیٹے کو بازیاب کرالیا ، پولیس حکام کے مطابق خاتون اپنی مرضی کے ساتھ خاور کے ساتھ بھاگی تھی ، پولیس حکام کےمطابق ملزم خاور نفسیاتی مریض بھی ہے اس کا مظفر آباد میں اسپتال میں علاج بھی چل رہا ہے ، ملزم کے باپ نے پولیس کو میڈیکل رپورٹ بھی دکھائی ہے ، پولیس نے مزید بتایاکہ عدالت کے اندر خاتون کے شوہر زاہد نے بیوی کو طلاق دیدی ، تاہم پولیس واقعے کی مزید تفتیش کررہی ہے۔