ڈالر کی قیمت بڑھنے سے گھبرانے کی کوئی بات نہیں،
ڈالر کی قیمت بڑھنے سے گھبرانے کی کوئی بات نہیں،

عیدالاضحیٰ پر ڈالر کا ریٹ گرے گا،ملک بوستان

کراچی :چیئرمین پاکستان فاریکس ایکسچینج ایسوسی ایشن ملک بوستان نے کہا ہے کہ حج فلائٹس مکمل ہوں گی تو عیدالاضحیٰ پر اوورسیز پاکستانی آئیں گے جس کی وجہ سے ڈالر کا ریٹ گرے گا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قوم کسی حال میں خوش نہیں ہوتی، ڈالر کا ریٹ بڑھے تو کہتے ہیں کیوں بڑھایا اور اگر حکومت ڈالر کا ریٹ نہیں بڑھاتی تو قوم کہتی ہے کہ قیمت بڑھا کیوں نہیں رہے؟۔

ملک بوستان کا کہنا تھا کہ روز کہا جارہا ہے کہ پاکستان ڈیفالٹ کرجائے گا، ڈیفالٹ کا اتنا ڈھنڈورا نہ پیٹیں، خدا کا خوف کریں۔ ملک میں اس وقت 10 ارب ڈالر زرمبادلہ موجود ہے اور 28 ماہ میں پہلی بار کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ہوا ہے۔ اس لیے پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے کے دور دور تک نشان نہیں۔

چیئرمین پاکستان فاریکس ایکسچینج ایسوسی ایشن نے بتایا کہ مارکیٹ میں ڈالر کے بھاؤ میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے۔ اس سے پہلے ڈالر 315 سے 320 روپے کے درمیان چلا گیا تھا۔ اسحاق ڈار کو آگاہ کیا ہے کہ بینک کریڈٹ کارڈ ہولڈرز کے لیے ڈالر خرید رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت حج فلائٹس کا سیزن ہے، اس لیے عازمین حج کیلئے بھی ڈالر کی ڈیمانڈ ہے۔ حج فلائٹس مکمل ہوں گی تو عید پر اوورسیز پاکستانی آئیں گے، جس سے ڈالر کا ریٹ گرے گا۔