نئی دہلی(امت نیوز) بھارتی پولیس نے مسلمان شہری کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنانے اور زبردستی ہندوآنہ مذہب کے نعرے لگوانے والے تین ملزمان کو سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد گرفتار کر لیا۔
مؤقر بھارتی انگریزی نشریاتی ادارے انڈیا ٹوڈے کے مطابق بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع بلند شہر کے رہائشی ساحل کو تین ملزمان نے زبردستی پہلے پکڑ کر درخت سے باندھا، بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا، گنجا کیا اور پھر ہندو مذہب کے زبردستی نعرے لگوا کر جان بخشی کی گئی۔ رپورٹس کے مطابق ملزمان نے اپنی کارروائی کی باقاعدہ ویڈیو بنائی جسے سوشل میڈیا پر وائرل بھی کیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق جب ساحل اپنے اوپر ڈھائے جانے والے ظلم کی شکایت درج کرانے متعلقہ تھانے پہنچا تو پولیس نے اس کی داد رسی کرنے کے بجائے اسی کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کی جانب سے ڈھائے جانے والے ظلم کے خلاف مسلمان شہری کے والدین اپنی تحریری شکایت لے کر اے ایس پی ایس این تیواری کے پاس گئے جب کہ اسی دوران ملزمان کی جانب سے وائرل کی جانے والی ویڈیو بھی پھیل چکی تھی جس پر سخت غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا تھا تو پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
اے ایس پی کے حوالے سے بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ انہوں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو ہمارے علم میں آئی تو کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے اور مزید کارروائی بھی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
بھارتی مؤقر جریدے انڈین ایکسپریس کے مطابق متاثرہ شہری کی شکایت درج کرنے سے انکار کرنے والے کاکوڈ پولیس اسٹیشن کے انچارج کو معطل کر دیا گیا ہے اور اس کے خلاف بھی انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔