انتہا پسند مودی کو امریکا میں سُبکی کا سامنا

امریکہ (اُمت نیوز)بھارتی وزیراعظم کے خلاف ممبران کانگریس و ایوان نمائندگان نے امریکی صدر کو خط لکھ دیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ امریکا کے موقع پر 75 امریکی اراکین کانگریس نے بھارت میں بڑھتی ہوئی انتہا پسندی کے معاملے پرصدر کو خط لکھ دیا، جس میں بھارت کے اندر بڑھتی ہوئی سیاسی گھٹن، مذہبی عدم برداشت، صحافیوں کو نشانہ بنانے، آزادی اظہار اور انٹرنیٹ کی بندش جیسے مسائل اٹھائے گئے ہیں۔ اراکین کانگریس نے اپنے خط میں کہاہے کہ بھارتی وزیر اعظم سے ملاقات میں صدر بائیڈن ان معاملات پر بھی بات کریں، بھارت کے ساتھ دوستی مشترکہ اقدار پر استوار ہونی چاہیے امریکی صدر کو لکھے گئے خط پر 18 سینیٹرز اور 57 ایوان نمائندگان نے دستخط کیے ہیں،امریکی صدر کی جانب سے نریندر مودی کی اعزاز میں وائٹ ہاؤس میں عشائیہ منعقد کیے جانے پر اراکین کا کہنا تھا کہ امریکی صدر کو مودی سرکار کے ماتحت بھارت میں ہونے والی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور اقلیتوں کے خلاف بڑھتی ہوئی مذہبی انتہاپسندی پر آنکھیں بند نہیں کرنی چاہیے۔
امریکی رکن کانگریس راشدہ طلیب نے اپنی ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ مودی کی غیر جمہوری اقدامات، مسلمانوں اور مذہبی اقلیتوں کو نشانہ بنانے، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور صحافیوں کے خلاف کارروائیوں کی ایک لمبی تاریخ کے باوجود انہیں ہمارے ملک کے دارالخلافہ کا پلیٹ فارم پیش کرنا انتہائی شرمناک ہے انہوں نے اعلان کیا کہ وہ مودی کے خطاب کیلئے بلائے گئے ایوان کے مشترکہ اجلاس کا بائیکاٹ کریں گی۔