ٹورنٹو(نیٹ نیوز) ٹائی ٹینک کا ملبہ دیکھنے کیلئے جانے والی بدقمست آبدوز ٹائٹن کو بنانے والی کمپنی اوشین گیٹ نے باضابطہ بیان جاری کردیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ افسوس! ہم پانچوں افراد کو ہمیشہ کیلئے کھو چکے ہیں۔
مؤقر نشریاتی اداروں کے مطابق کمپنی اوشین گیٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اب ہمیں یقین ہے کہ ہم ہمارے سی ای او اسٹاکٹن رش، شہزادہ داؤد اور ان کے بیٹے سلیمان داؤد، ہیمش ہارڈنگ اور پال ہنری نارجیولیٹ کو کھو چکے ہیں۔
کمپنی کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’یہ تمام لوگ سچے ایکسپلورر تھے جنہوں نے مہم جوئی کا ایک الگ جذبہ اور دکھایا۔ اس المناک وقت میں ہمارے دل ان پانچوں روحوں اور ان کے خاندان کے ہر فرد کے ساتھ ہیں۔ ہمیں جانی نقصان کا غم و دکھ ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ ہمارے ملازمین کے لیے انتہائی افسوسناک وقت ہے جو اس نقصان پر افسردہ اور غمزدہ ہیں۔ ہم احترام کے ساتھ دعا گو ہیں کہ اس انتہائی تکلیف دہ وقت میں ان خاندانوں کی رازداری کا احترام کیا جائے۔
واضح رہے کہ 1912 میں تباہ ہونے والے مسافر بردار بحری جہاز ٹائی ٹینک کا ملبہ دیکھنے کے لیے جانے والی آبدوز ٹائٹن 18 جون کو بحر اوقیانوس میں لاپتہ ہوئی گئی تھی۔