آرٹس کونسل کراچی کے صدراحمد شاہ کو امریکا میں کلچرل ایوارڈ سے نوازاگیا

کراچی: آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے صدر محمد احمد شاہ کو امریکہ میں بین الاقوامی کلچرل ایوارڈ سے نوازا گیا۔ یہ ایوارڈ انہیں پاکستان میں ثقافت، ادب اور فنون لطیفہ کی ترقی فروغ اور بین الاقوامی کمیونٹی سے مربوط تعلق جوڑنے کیلئے پل کا کردار ادا کرنے اور غیر معمولی خدمات انجام دینے پر دیا گیا۔ احمد شاہ ان دنوں امریکا کے دورے پر ہیں، یہ ایوارڈ کیلیفورنیا میں سینیٹر باب آرچولیٹا اور امریکہ میں متحرک ادبی اور فلاحی ادارے فرینڈز آف پاکستان نے دیا۔

امریکی شہر لاس اینجلس میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں فرینڈز آف پاکستان کے نمائندگان اور کیلیفورنیا کے سینیٹر Bob Archuleta بھی شریک تھے، اس موقع پر سینیٹر کیلیفورنیا باب آرچولیٹا نے کہا کہ ادب اور فن کیلئے احمد شاہ کی خدمات قابل ستائش ہیں۔ احمد شاہ نے منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ادب اور فنون لطیفہ ہی دنیا کو ایک دوسرے کیساتھ جوڑ سکتا ہے اور ثقافت و ادب پر توجہ دے کر دنیا میں امن قائم رہ سکتا ہے۔